کابینہ نے وزارتِ نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوارڈینیشن کی جانب سے 10 ادویات پر ریٹیل پرائس بڑھانے کی سمری مسترد کردی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی کابینہ نے وزارتِ نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوارڈینیشن کی جانب سے 10 ادویات پر ریٹیل پرائس بڑھانے کی سمری مسترد کردی۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ وز یراعظم نے تمام کابینہ ممبران کو خوش آمدید کہا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حکومتی کوٹے پر حجاج کی اوور بکنگ کے معاملے کی انکوائری رپورٹ زیرِ بحث آئی،اس معاملے پر تشکیل دی گئی کمیٹی میں وزارتِ خزانہ، وزارتِ مذہبی امور اور اسٹیٹ بینک کے نمائندے شامل تھے۔ اجلا س کو بتایا گیا کہ اوور بکنگ کے معاملے میں Reconciliation کے مسائل تھے اور کسی قسم کی بدنیتی کے ثبوت نہیں ملے۔

جن بینکوں کی جانب سے حجاج کی حکومتی کوٹے پر اوور بکنگ کی گئی تھی۔ ان بینکوں کی طرف سے حجاج کو معاوضے کی رقمCompensation Amount ادا کردی گئی ہے۔ وزیراعظم نے وزراتِ خزانہ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو یہ ہدایت کی کہ ان بینکوں سے یہ ضرور پوچھا جائے کہ اْنہوں نے اس معاملے میں لاپرواہی سے کام کیوں لیا۔ وزیراعظم نے سیلاب زدہ علاقوں میں بینکوں کو اپنا کام چھٹی والے دن بھی جاری رکھنے کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو ہدا یت جاری کردی۔ وفاقی کابینہ نے ایسے ممالک جن کے ساتھ پاکستان کا قانونی مدد کے حوالے سے کوئی تحریری معاہدہ نہیں کی جانب سے مشترکہ قانونی مدد کی درخواستیں قبول کرنے کی وزارتِ داخلہ کی سمری منظور کرلی۔

وفاقی کابینہ نے وزارتِ نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کی جانب سے 10 ادویات پر ریٹیل پرائس بڑھانے کی سمری مسترد کردی۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی قطعی حمایت نہیں کرتا۔ وفاقی کابینہ نے وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کی سفارش پر بجلی سے چلنے والے پنکھوں کیلئےMinimum Energy Performance Standards کی معیاد میں 30 جون 2023 تک توسیع کی منظوری دے دی۔ تاہم وزیراعظم نے وزراتِ سائنس و ٹیکنالوجی کو ہدایت کی کہ اس حوالے سے 30 جون 2023 سے پہلےMinimum Energy Performance Standards کو بہتر کوالٹی پر لانے کی بھرپور کوشش کی جائے۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے Legislative Casesکی 2 ستمبر 2022 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی ای سی سی کے 08ـ09ـ2022 کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں اشیائے کی فراہمی کے لیے یوٹیلٹی سٹورز کے لیے 540 ملین روپے کے فنڈ دینے کے فیصلے کی توثیق کی۔افغانستان میں تین پاکستانی ہسپتالوں کی دیکھ بھال، آلات، تنخواہوں کے لیے افغان حکومت کو فنڈز منتقل کرنے کے فیصلے کی بھی توثیق کی گئی۔

سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے این ڈی ایم اے کو تین ارب روپے کے فنڈز دینے کے ای سی سی فیصلے کی بھی توثیق کی گئی۔وزیراعظم نے ملک میں گندم کی قیمت کے تعین، یوریا کی تقسیم کیلئے صوبوں کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے کے لیے وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل، طارق بشیر چیمہ، فیصل سبزواری، قمر زمان کائرہ اور سید نوید قمر کو ٹاسک دیدیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں