شرجیل میمن

قیمتی جانوں کو بچانے کے لئے حکومت حاضر ہے، شرجیل میمن

کراچی (گلف آن لائن)صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ قیمتی جانوں کو بچانے کے لئے حکومت حاضر ہے۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ کے 23اضلاع مسائل میں ہیں البتہ اب ریسکیو کے بعد ریلیف کا کام چل رہا ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ٹینٹ سٹیز میں پکا ہوا کھانا دیا جارہا ہے، ٹینٹ سٹی میں اسکول اور اسپتال قائم کردئیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی سندھ صوبے کے دورے پر ہیں جبکہ سندھ کے وزیر ممبران اسمبلی امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ڈیڑھ کروڑ کی آبادی اس سیلاب میں متاثر ہوئی ہے، حیدرآباد میں متاثرین کو اسکولوں سے نکال کر ان کے گھروں میں راشن کے ساتھ بھیجا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانی جان کی کوئی قیمت نہیں ہے لیکن پھر بھی دس لاکھ روپے اموات پانے والوں کے گھر والوں کو دئیے جارہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ ہیلتھ ایشوز کو ہم اہمیت دی ہے، کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے اس سے رابطہ کرنے پر سہولت مہیا کی جائے۔وزیراعلی سندھ کی ہدایت پر ہیوی مشینری سے نکاسی کا عمل شروع کردیا گیا ہے، دیہات سے پانی کی نکاسی پر لوگ گھروں کو جاسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں سندھ حکومت نہیں پہنچ پا رہی وہاں آرمی نیوی کام کررہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں