تجارت

پاکستان اور اٹلی کے درمیان تجارت کے حجم میں نمایاں اضافہ سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا ‘خادم حسین

لاہور( گلف آن لائن)تاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین نے کہاہے کہ تجارت میں اضافہ سے ملکی صنعتی شعبہ ترقی کرے گا ۔جولائی میں اٹلی کو پاکستان کی کی برآمدات میں17فیصد اضافہ جبکہ اٹلی سے درآمدات میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی2022میں اٹلی کو پاکستانی برآمدات کاحجم 105.30ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ جولائی کے مقابلہ میں 17.3فیصد زیادہ ہے۔مالی سال میں اٹلی کو برآمدات سے ملک کو 1.085ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جبکہ اٹلی سے درآمدات کا حجم770.43ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خادم حسین نے کہا کہ اٹلی کے ساتھ توانائی، سٹیل، کیمیکلز ،مائننگ اور دیگر بہت سے شعبوں میں کام سے ملک میں خوشحالی و ترقی آئے گی کیونکہ اٹلی سو فیصد توانائی متبادل ذرائع سے پیدا کررہا ہے انہوںنے کہا کہ اٹلی سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ سے ملکی برآمدا ت اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا اور ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔انہوںنے کہا کہ ماربل انڈسٹری میں اٹلی کے تجربہ سے ملکی ماربل انڈسٹریز ترقی کرے گی او ر ماربل کی بیرون ملک برآمدات سے کثیر زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں