ویوین رحرڈز

بابر ، رضوان کی طرح بھڑکیلا نہیں، خاموشی سے سب کچھ حاصل کرنیوالا بیٹر ہے، ویوین رحرڈز بابر اعظم کے فین نکلے

لاہور (گلف آن لائن)دنیائے کرکٹ کے عظیم بیٹر ویوین رچرڈز قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے فین نکلے اور تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابر ، رضوان کی طرح بھڑکیلا نہیں، خاموشی سے سب کچھ حاصل کرنیوالا بیٹر ہے۔ ایک انٹرویومیں انہوںنے کہا کہ میں بابر اعظم کا ہمیشہ فین رہا ہوں ، بابر کے بہت زیادہ ٹیکنیکل ہونے پر لوگ تنقید کرتے ہیں تاہم میں سمجھتا ہوں کہ بابر ، رضوان یا دوسروں کی طرح بھڑکیلا اور جوش والا بیٹر نہیں ہے، وہ خاموشی سے سب کچھ حاصل کرنے والا بیٹر ہے اور اس نے ثابت کیا ہے۔ویوین رچرڈز کو پاکستان ٹیم کے انگلینڈ سے ہارنے پر مایوسی ہوئی، انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو ابھی تھوڑا کام کرنا ہے، انگلینڈ سے ہارنے کے بعد اعتماد میں کمی آئی ہے،لاہور میں انگلینڈ سے ہارنے پر مجھے بہت مایوسی ہوئی تھی، انگلینڈ نے یہا ں شاندار کرکٹ کھیلی، میرے خیال میں انگلینڈ کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مڈل آرڈر کو چانس نہیں مل رہا، بابر اور رضوان اوپر بہت اچھا کھیل رہے ہیں، بابر اعظم کو مڈل آرڈر پر کام کرنا ہے تاکہ بابر اگر جلد آٹ ہو جائیں تو مڈل آرڈر کو صورتحال سنبھالنی آنی چاہیے۔سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان ایک باصلاحیت ٹیم ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اس وقت جہاں ہے اس پر مجھے افسوس ہے،ٹیم نے مین راونڈ کیلئے کوالیفائی کرنا ہے، وہ ایک اچھی سائیڈ ہے،ویسٹ انڈیز ایک بار کوالیفائی کر گئی تو پھر یہ ایک بڑی قوت ثابت ہو گی۔دوسری جانب پاکستان جونیئر لیگ کے انعقاد کو ویوین رچرڈز نے خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ پی سی بی نے دنیا بھر کے نوجوانوں کو پاکستان جونیئر لیگ شروع کر کے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پلیٹ فارم پر نوجوانوں کو اپنی اسکلز شوکیش کرنے کا موقع ملے گا کیونکہ اس پلیٹ فارم پر پرفارم کر کے انہیں مستقبل میں بڑے مواقع ملیں گے، یہ بات ماننی ہو گی کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا مستقبل ہے اور مستقبل کے لیے کرکٹرز کو تیار کیا جا رہا ہے۔ویوین رچرڈز نے کہا کہ میں نے یہ ہمیشہ کہا ہے کہ پاکستان کو ہمیشہ بہت اچھا ٹیلنٹ ملتا ہے اور اب یہاں بہت ٹیلنٹ دکھائی دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں