پالیسی ریٹ

غیر ملکی قرضوں سے چھٹکارے کیلئے قومی پالیسی مرتب کی جائے ‘ اشرف بھٹی

لاہور(کامرس ڈیسک)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ غیر ملکی قرضوں سے چھٹکارے کیلئے قومی پالیسی مرتب کی جائے ، جب تک ہم عالمی مالیاتی اداروں کے شکنجے میں رہیں گے پاکستان کی ترقی خواب ہی رہے گی ،عوام جتنی مشکلات اٹھا چکے ہیں انہیں ریلیف دینے کیلئے بجلی اور پیٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کر کے اسے ایک سطح پر منجمد کیا جائے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ چند ارب ڈالر قرض کی وجہ سے ہمارے فیصلے بھی غیر ملکی مالیاتی اداروں کی اجازت سے مشروط ہیں اور کسی قوم کے لئے یہ بڑی تشویش کی بات ہونی چاہیے ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ملک ہے اگر ہم انہیں بروئے کار لائیں تو نہ صرف غیر ملکی قرضے اتر سکتے ہیں بلکہ ہم خوشحال ممالک کی فہرست میںبھی شامل ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیکسیشن کے نظام میں اتنی استعداد نہیں کہ وہ ٹیکس کا دائرہ اورٹیکس آمدن بڑھا سکے ،بد قسمتی سے جو لوگ ٹیکس نیٹ میں آگئے ہیں صرف انہی کی ہڈیاں نچوڑی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بتایا جائے وفاق کے ٹیکس جمع کرنے والے ادارے نے گزشتہ پانچ سالوں میں اپنی محنت سے کتنے لوگ ٹیکس نیٹ میں شامل کئے ہیں ۔ اگر ہمارا ٹیکسیشن کا نظام ہی ٹھیک ہو جائے تو ہمیں غیر ملکی قرضوں سے چھٹکارا مل سکتا ہے ۔ مطالبہ ہے کہ غیر ملکی قرضوں سے چھٹکارے کے لئے قومی پالیسی مرتب کی جائے بصورت دیگر ہماری آنے والی نسلیں بھی اسی طرح مقروض ہی رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں