نواز شریف ، مریم ،زرداری نے غیر ملکی تحائف کوڑیوں کے بھائو خریدے ‘ جمشید اقبال چیمہ

لاہور(نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و فوکل پرسن فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے تمام عملی اقدامات عمران خان کے دور میں اٹھائے گئے ،جن لوگوں کی وجہ سے پاکستان گرے لسٹ میں شامل ہوا وہ آج پریس کانفرنسیں کر کے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں ،

نواز شریف ، مریم نواز اور آصف زرداری نے غیر ملکی تحائف کوڑیوں کے بھائو خریدے ، عمران خان نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا ،سیاسی میدان میں مقابلہ نہ کرسکنے کی وجہ سے انہیں بھونڈی سازش کے ذریعے راستے سے ہٹانے کی ناکام کوشش کی گئی ۔

پارٹی کارکنوں سے ملاقات اور ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ اب عوام نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ باہر نکلیں گے اور بوسیدہ نظام سے چھٹکارا حاصل کیا جائے گا۔ قوم عمران خان کی کال پر لبیک کہنے کے لئے بیتاب ہے اور جمعہ کے دن جو بھی تاریخ دی جائے گی نہ صرف تحریک انصاف سے وابستگی رکھنے والے بلکہ عام عوام بھی حقیقی آزادی کیلئے اسلام آباد کی طرف رخ کریں گے اور امپورٹڈ حکمرانوں کو ان کے اقتدر سمیت بہا لے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں