پاکستان کی ناروے کو برآمدات 4.96 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان سے سکینڈے نیوین ممالک کو برآمدات میں 12.5 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جو بڑھ کر136 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، تجارتی سرپلس 52.41 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان سے سکینڈے نیوین ممالک کو برآمدات میں 12.5 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ جولائی تا ستمبر میں پاکستان سے ڈنمارک، ناروے اور سویڈن کو برآمدات 136 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اس دوران سکینڈے نیوین ممالک کے ساتھ تجارت پاکستان کے حق میں رہی اور سرپلس 52.41 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔پاکستان سے ڈنمارک کو برآمدات ستمبر 2022 میں 1 فیصد بڑھ کر 22.69 ملین ڈالر ہوگئیںجو کہ ستمبر 2021 میں 22.42 ملین ڈالر تھیں۔ اسی مالی سال کے پچھلے مہینے کے مقابلے میں، برآمدات میں 24 فیصد کمی واقع ہوئی۔

رواں مالی سال کے پہلے تین مہینوں میں ڈنمارک کو برآمدات 75.31 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جو پچھلے سال کی اسی مدت میں 59.88 ملین ڈالر کے مقابلے میں 26 فیصد کی نمو کو ظاہر کرتی ہیں۔پہلی سہ ماہی میں ڈنمارک کے ساتھ تجارتی سرپلس 57.22 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔اقوام متحدہ کے کامٹریڈ ڈیٹا بیس کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستان سے ڈنمارک کو برآمد ہونے والی اہم اشیا میں ٹیکسٹائل مصنوعات، کھلونے، کھیلوں کی ضروریات، چمڑے کے سامان، ہارنس، سفری سامان، اناج، نظری، طبی آلات اور کپاس شامل ہیں۔ڈنمارک سے درآمدات میں دواسازی کی مصنوعات، مشینری، نیوکلیئر ری ایکٹر، بوائلر، آئرن اینڈ اسٹیل، آپٹیکل، فوٹو، میڈیکل اپریٹس، الیکٹرک اور الیکٹرانک آلات شامل ہیں۔پاکستان کی ناروے کو برآمدات ستمبر 2022 میں 4.96 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جو کہ ستمبر 2021 میں 4.70 ملین ڈالر تھیں اور یہ 5.4 فیصد اضافے کی نمائندگی کرتی ہیں۔ جولائی تا ستمبر میں ناروے کو برآمدات 15.18 ملین ڈالر تھیں جو پچھلے مالی سال کی اسی مدت میں 16.09 ملین ڈالر تھیں۔

جولائی تا ستمبر میں ناروے کے ساتھ پاکستان کا تجارتی سرپلس 6.45 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔پاکستان سے ناروے کو برآمد ہونے والی اہم اشیا میں ٹیکسٹائل مصنوعات، چمڑے کی اشیا، ہارنس، سفری سامان، اناج، خوردنی پھل اور کپاس شامل ہیں۔ ناروے سے بڑی درآمدی اشیا لوہا، سٹیل اور ایلومینیم ہیں۔ پاکستان سے سویڈن کو برآمدات میں 7.5 فیصد کمی آئی اور ستمبر 2022 میں 13.83 ملین ڈالر رہی جو کہ ستمبر 2021 میں 14.95 ملین ڈالر تھی۔مالی سال کے پہلے تین مہینوں میں سویڈن کو برآمدات 46.24 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جو پچھلے مالی سال کی اسی مدت میں 45.55 ملین ڈالر کے مقابلے میں 1.5 فیصد اضافہ کو ظاہر کرتی ہیں۔رواں مالی سال کے پہلے تین مہینوں میں سویڈن کے ساتھ تجارتی خسارہ 11.25 ملین ڈالر رہا۔ پاکستان سے سویڈن کو برآمد ہونے والی اہم اشیا میں ٹیکسٹائل مصنوعات اور اناج شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں