رانا تنویر حسین

صدر عاف علوی کے خلاف مواخذے کی کوئی بات نہیں ہوئی ‘ رانا تنویر حسین

مریدکے (گلف آن لائن)وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے صدر عاف علوی کے خلاف مواخذے کی کوئی بات نہیں ہوئی ،پنجاب حکومت نے سارا سسٹم ہائی جیک کیا ہوا ہے ،صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پورا پنجاب لاقانونیت کی بدترین تصویر بن چکا ہے ،پولیس اسٹیٹ کی بدترین مثالیں سامنے آرہی ہیں ،سینئر صحافی رانا جعفر پر سرعام جی ٹی روڈ مریدکے میں سیکڑوں شہریوں کے سامنے لاہور پولیس کے اہلکاروں کا بہیمانہ تشدد اور پھر پولیس اہلکاروں کے خلاف کاروائی نہ ہونا اس کی بڑی مثال ہے ، ہماری کوشش ہے پنجاب حکومت جلد گھر جائے ۔

فیروزوالہ بار کے جنرل سیکرٹری اورنگزیب ریحان ،مسلم لیگ یوتھ کے ضلعی صدر رانا کاشف الرحمن ،سابق رکن قومی اسمبلی رانا افضال اور مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنما چوہدری ارشد ورک اورچوہدری انعام ورک کے ہمراہ گلشن راوی پولیس کے تشدد کے شکار سینئر صحافی رانا جعفر کی خیریت دریافت کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب پنجاب میں ہماری حکومت تھی تو امن تھا جب سے پرویز الٰہی کی حکومت آئی ہے پورا پنجاب چوروں ڈاکوئوں کے ہاتھوں یرغمال بنا ہوا ہے ،تھانوں میں سفارشی پولیس اہلکار تعینات کرکے صوبہ پنجاب کو پولیس اسٹیٹ بنادیا گیا ہے ،شریف شہریوں سے پولیس کی بدسلوکی کے واقعات سامنے آرہے ہیں ،

سینئر صحافی رانا جعفر پر گلشن راوی لاہور پولیس کا مریدکے جی ٹی روڈ پر سیکڑوں شہریوں کے سامنے بہیمانہ تشدد اور پھر صحافی کو انصاف نہ ملنا بہت بڑا سوالیہ نشان ہے ،ہم اس معاملے کو قومی اور صوبائی اسمبلی میں لے کر جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ایجنڈا ملک اور اداروں کو کمزور کرنا ہے ،آئی ایم ایف سے جب ہم معاہدہ کرنے لگے تو انہوں نے خط لکھے جو کہ بغاوت کے مترادف ہے ۔چینی صدر کی آمد پر عمران خان رکاوٹ بنا اب سعودی شہزادے نے آنا تھا عمران خان آڑے آگئے ،چالیس دن گزر چکے ان لانگ مارچ مکمل نہیں ہورہا ۔سعودی شہزادہ 12ارب ڈالر کی آئل ریفائنری ،اسٹیٹ آف دی آرٹ سکلز یونیورسٹی کے منصوبوں سمیت دیگر اربوں روپے کے منصوبے لے کر آرہے تھے ۔

انہوں نے کہاکہ صدر عارف علوی نے صحیح کہا ہے آرمی چیف کی تقرری میں مشاورت کی ضرورت نہیں ہوتی ،یہ استحقاق صرف وزیر اعظم کا ہوتا ہے تاہم وزیر اعظم مشورہ کا اختیار بھی رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا آرمی چیف کی تقرری آئین کے مطابق ہی ہوگی ۔انہوں نے کہا عمران خان عوام کے سامنے ایکسپوز ہوچکے ہیں،خود ہی فائرنگ کرواکے زخمی ہونے کا ڈھونگ رچا کر لانگ مارچ سے راہ فرار اختیار کرنا چاہتے ہیں ،میں سمجھتا ہوں اس کے خلاف کافی مواد موجود ہے اب اس کی گرفتاری ہونی چاہیے ۔

انہوںنے کہا کہ سارے اداروں اورایجنسیوں کو پتہ چل گیا ہے کہ ارشد شریف کی شہادت کے پیچھے کیا سازش تھی ، انہیں پاکستان سے کس طرح بھیجا گیا ،دبئی سے آگے کس نے بھیجا ،کون لوگ تھے جنہوں نے کینیا میں اپنے پاس رکھا ان کے نام سامنے آرہے ہیں ،وزیر اعظم کی درخواست پر کمیشن بن گیا ہے سپریم کورٹ سب کچھ سامنے لے آئے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں