وفاقی حکومت

اہم تقرری ، ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ، اتحادیوں نے وفاقی حکومت کو مکمل تعاون کا یقین دلایا

اسلام آباد (گلف آن لائن)اہم ترین تقرری، ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، حکومت و اتحادی کی ابتدائی مشاورت میں اتحادیوں نے وفاقی حکومت کو مکمل تعاون کا یقین دلادیا ۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ نےیکے بعد دیگرے مولانا فضل الرحمان اور سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقاتیں کیں ۔حکومتی اتحادیوں نے وزیراعظم میاں شہباز شریف کو مکمل حمایت کا یقین دلا دیا۔ اتحادیوں کو پیغام پہنچایا گیا کہ اہم تقرری سمیت دیگر اہم فیصلوں پر وزیراعظم آئینی اختیار کے مطابق اقدام کریں۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کے بیانیہ اور لانگ مارچ کو اہمیت نہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے تینوں بڑی اتحادی جماعتوں کا مستقبل قریب میں مل کر چلنے پر اتفاق کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ نے وزیراعظم میاں شہباز شریف کے علاوہ میاں نواز شریف کا بھی اہم پیغام پہنچایا۔ اتحادیوں نے وزیراعظم کے نام پیغام میں کہاکہ ملکی داخلی استحکام، معاشی و سیاسی استحکام کے لئے مل کر آگے بڑھیں گے۔ ذرائع کے مطابق جمہوریت کی مضبوطی کیلئے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ۔

ذرائع کے مطابق طبیعت بہتر ہوتے ہی وزیراعظم میاں شہباز شریف جلد اتحادیوں کے ساتھ براہ راست بھی ملاقات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ کی ملاقات کے دوران آصف علی زرداری اور مولانا فضل کے ساتھ میاں نواز شریف کی ٹیلیفونک گفتگو بھی ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں