عمران خان

عمران خان کی جمشید چیمہ کو اپنے دور کی زرعی پالیسیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے پیپر ورک کی ہدایت

لاہور(گلف آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی کے فوکل پرسن فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ کو اصلاحات کے ذریعے زراعت کی ترقی اور کسانوں کو ریلیف دینے کیلئے اپنے دور حکومت کی پالیسیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے پیپر ورک مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے دوران جمشید اقبال چیمہ نے زرعی اجناس کی پیداوار میں کمی اور کسانوں کو درپیش مشکلات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔

انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف کے دور میں نہ صرف زرعی اجناس کی پیداوار میں اضافہ ہوا بلکہ کسانوں کی آمدن بھی بڑھی ۔ عمران خان نے جمشید اقبال چیمہ کو ہدایت کی اصلاحات کے ذریعے زراعت کی ترقی اور کسانوں کو ریلیف دینے کے لئے تحریک انصاف کی حکومت کی زراعت کیلئے اپنائی گئی پالیسیوں کے تسلسل کیلئے قابل عمل پیپر ورک تیار کیا جائے ، انشااللہ دوبارہ حکومت میں آکر ان پالیسیوں کا دوبارہ نفاذ کریں گے۔

جمشید اقبال چیمہ نے بتایا کہ حکومت کی غلط اور ناقص پالیسیوں کے باعث آئندہ برس کپاس کی پیداوار میں 25فیصد ،مکئی 3 فیصد ، گنا 8فیصد ،چاول 40فیصد اور مرچوں کی پیداوار54فیصد کم ہوگی ، ٹریکٹر کی گزشتہ پانچ ماہ میں فروخت 45فیصد کم ہو گئی ہے ، ڈی اے پی کی کھپت میں75فیصد ،یوریا 8فیصد ،پوٹاش 85 فیصد اور کسان جو ڈیزل استعمال کرتے ہیں اس کی کھپت 22فیصد کم ہو گئی ہے جو زرعی اجناس کی پیداوار میںکمی کی اصل وجوہات ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں