جمشید اقبال چیمہ

عوام کا سمندر دیکھ کر عام انتخابات کی تاریخ دینی پڑے گی’ جمشید اقبال چیمہ

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ، فوکل پرسن فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار نے ملک کے معاشی حالات پر عوا م کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی ہے ، امپورٹڈ حکومت ڈیفالٹ رسک کا80فیصد سے تجاوز کرنا افواہیں نہیں حقیقت ہے اور ملک ہر روز اس طرف تیزی سے سفر کر رہا ہے ،عمران خان کی کال پر ملک بھر سے عوام 26نومبر کو راولپنڈی پہنچیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے پارٹی رہنمائوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ اسحاق ڈار کے چہرے کی اڑی ہوئی ہوائیاں بتا رہی ہیں سب اچھا نہیں ہے اسی لئے معاشی صورتحال پر پریس کانفرنس کرنے کی بجائے ایک کمرے میں بیٹھ کر پیغام ریکارڈ کراکے جاری کیا گیا ۔

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ عمران خان آئین و قانون کی بالا دستی اور عوام کے حق حکمرانی کی جنگ لڑ رہے ہیں ، آج فیصلہ کن موقع ہے اگر قوم نے اسے گنوا دیا تو ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل بھی تاریک رہے گا۔ انہوںنے کہا کہ عوام 26نومبر کو راولپنڈی پہنچنے اور عمران خان کے آئندہ کے لائحہ عمل جاننے کیلئے بیتاب ہیں ۔ راولپنڈی میں عوام کا سمندر دیکھ کر امپورٹڈ حکمران عام انتخابات کی تاریخ دینے پر مجبور ہو جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں