حافظ نعیم الرحمن

شہر میں تباہی کی واحد وجہ پیپلزپارٹی کی اجارہ داری ہے، حافظ نعیم الرحمن

کراچی(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ شہر تباہی کی واحد وجہ پیپلز پارٹی کی اجارہ داری ہے،پہلی بار پیپلز پارٹی کو سندھ میں مشکلات کا سامنا ہے، اب عوام جماعتِ اسلامی کو منتخب کریں گے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو اسٹیبلشمنٹ کی حمایت حاصل ہوتی ہے، جبکہ ایم کیو ایم جب ختم ہوتی ہے تو اس کے مردہ گھوڑے میں جان ڈال دی جاتی ہے۔

سندھی مہاجر جھگڑے کر کے لوگوں کو خوف میں مبتلا کیا جاتا تھا، اب سندھی بلوچ پیپلز پارٹی سے ہاتھ نکال رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم اب ختم ہوگئی ہے، سروے ہو رہے ہیں کہ 50 فیصد سے زیادہ جماعتِ اسلامی کا میئر چاہتے ہیں۔اسٹیبلشمنٹ کو خود کو اس کھیل سے الگ رکھنا ہو گا، پی ٹی آئی بھی اس نا اہلی میں شامل رہی ہے۔انہوں نے سوال کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے 14 ایم این ایز کو جو فنڈز ملے وہ کہاں گئے؟ پی ٹی آئی نے ساڑھے 3 سال میں کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ 25 سالوں سے سندھ کا بلدیاتی نظام پیپلزپارٹی کے پاس ہے، واٹر بورڈ، کے ڈی اے سمیت ہر ادارے میں اپنے لوگ بھرتی کیے ہوئے ہیں، ایک بارش نے شہر میں دعوئوں کی قلعی کھول کررکھ دی تھی۔انہوں نے کہا کہ شہر میں جتنی سڑکیں من رہی ہیں غیر معیاری ہیں، 1500 کروڑ روپے ترقیاتی کاموں کے نام پر کراچی کو لوٹا جارہا ہے، ہم اس لوٹ مار کیخلاف ہائیکورٹ جائیں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے اعلان کے باوجود سیاسی ایڈمنسٹریٹر کی غیر قانونی تعیناتی ختم کیوں نہیں کی جاتی؟، پیپلزپارٹی نے 17 سالوں میں پانی کا کوئی منصوبہ نہیں دیا، کے فور کیوں مکمل نہیں کیا جارہا، کراچی کے لوگ پانی کیلئے ترس رہے ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ عوامی رابطہ مہم چلارہے ہیں تاکہ عوام کو انکی کرپشن کا بتاسکیں، خواتین، تعلیم و ٹرانسپورٹ کے مسائل سمیت دیگر معاملات پر کوئی بول رہا ہے تو وہ صرف جماعت اسلامی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں