ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کےلئے 55کروڑ 40لاکھ ڈالر مالیت کے امدادی پیکج کی منظوری دے دی

اسلام آباد(گلف آن لائن)ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)نے پاکستان کے لیے 55کروڑ 40لاکھ ڈالر مالیت کے امدادی پیکج کی منظوری دے دی،اے ڈی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کیلئے منظور کیے جانے والے پیکج میں نئے اور دوبارہ مختص کیے گئے فنڈز شامل ہیں،رواں برس تباہ کن سیلاب کے بعد پاکستان میں بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں میں مدد اور موسمیاتی تغیر کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے 55کروڑ 40لاکھ ڈالر کے مالیاتی پیکیج کی منظوری دی گئی ہے اور پاکستان کے لیے منظور کیے جانے والے مالیاتی پیکج میں سیلاب سے نمٹنے کی کوششوں میں مدد کے لیے موجودہ قرضوں سے 7کروڑ 10لاکھ ڈالر کی اضافی رقم بھی شامل ہے جو کہ سیلاب سے متاثرہ صوبوں بلوچستان، خیبرپختونخوا اور سندھ میں فارم واٹر مینجمنٹ اور ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو پر خرچ کی جائے گی،پیکج میں 47کروڑ 10لاکھ ڈالر کا قرضہ، 30لاکھ ڈالر کی تکنیکی امداد کی گرانٹ اور حکومت جاپان کی جانب سے لاکھ کی گرانٹ شامل ہے،اعلامیہ کے مطابق حکومت پاکستان اور ترقیاتی شراکت داروں نے ان قدرتی آفات کے بعد کی ضرورتوں کا تخمینہ لگایا ہے،

جس کے تحت کل نقصان اور نقصانات کا تخمینہ 30ارب ڈالر سے زیادہ ہے جب کہ بحالی اور تعمیر نو پر 16.3ارب ڈالر کا تخمینہ لگایا گیا ہے، پاکستان کو دیے جانے والے قرض سے تقریبا 400سڑکوں کی تعمیر نو کی جائے گی، جس میں ملک کی مصروف ترین قومی شاہراہ این فائیو کا تقریبا 85کلو میٹر اور تقریبا 30پل شامل ہیں،اس حوالے سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل برائے وسطی و مغربی ایشیا یوگینی زوکوف نے کہا ہے کہ رواں برس آنے والے سیلاب نے پاکستان میں 3کروڑ 30لاکھ افراد کو متاثر کیا، اس سے انفراسٹرکچر اور زراعت کو بہت زیادہ نقصان پہنچا، یہ سب موسمیاتی تبدیلی کے شدید خطرے کی ایک تباہ کن یاد دہانی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں