وزیر دفاع خواجہ آصف

وزیر دفاع کا خطے میں استحکام کے حصول کے لیے سکیورٹی فورسز کے کردار کا اعتراف

کوئٹہ (گلف آن لائن)وزیر دفاع خواجہ آصف نے خطے میں استحکام کے حصول کے لیے سکیورٹی فورسز کے کردار کا اعتراف کرتے ہوئے کہاہے کہ دیرپا امن کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں بھی اپناکردار ادا کریں۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کوئٹہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے ”دہشت گردی کے خلاف جنگ، بلوچستان میں بدامنی، کامیابیاں، آگے بڑھنے کا راستہ اور اختتام“ کے موضوع پر نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کیا اور ان سے بالمشافہ بات چیت کی۔

ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے خطے میں استحکام کے حصول کے لیے سکیورٹی فورسز کے کردار کا اعتراف کیا اور کہا کہ دیرپا امن کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں بھی اپناکردار ادا کریں۔ علاوہ ازیں وزیر دفاع نے کمیٹی کے سربراہ کے طورپر ٹی ٹی پی کے ساتھ مفاہمت کی کوششوں پر بھی بات کی۔

وزیر نے از خود جلاوطن ھونے والے بلوچ رہنماﺅں کے لیے بھی ایسے ہی امکان کا عندیہ دیا۔ وزیر دفاع نے بلوچستان کو نظر انداز کیے جانے اور محرومیوں کے بارے میں ہمدردی کا اظہار کیا، تاہم، حال ہی میں وفاق اور صوبائی حکام دونوں طرف سے اس کا ازالہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس حقیقت پر بھی روشنی ڈالی کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی پاکستان کے مجموعی امن اور خوشحالی کے لیے اہم ہے۔ وفاقی وزیر دفاع نے اپنی تقریر کے آخر میں کہا کہ پاکستان میں پائیدار امن اور خوشحالی پوری قوم کے جامع نقطہ نظر سے ہی ممکن ہے۔ کوئی ایک ادارہ اکیلا یہ مقصدحاصل نہیں کر سکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں