سندھ ہائیکورٹ

سندھ ہائی کورٹ کاکراچی میں ہیوی ٹریفک پر پابندی کے اوقات پر سختی سے عمل درآمد کا حکم

کراچی(گلف آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں ہیوی ٹریفک پر پابندی کے اوقات پر سختی سے عمل درآمد کرنے کا حکم دے دیاہے۔منگل کو سندھ ہائیکورٹ میں شہر میں ہیوی ٹریفک کے داخلے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران کے ڈی اے،این ایچ اے اور دیگر حکام پیش ہوئے۔ چیف سیکرٹری کی جانب سے ہیوی ٹریفک سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کروادی گئی۔ رپورٹ میں کہا گیاہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو احکامات کے حوالے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ اگر کسی ادارے کو کوئی مسئلہ درپیش ہے تو عدالت کو آگاہ کرسکتا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہیوی ٹریفک اور اسکے حوالے سے ہونے والے مسائل سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم نامے موجود ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ سب ان تمام احکامات پر عمل درآمد کروائے جائیں۔

ٹرانسپورٹرز کے وکیل نے موقف دیا کہ ضروری اشیاء کی نقل و حرکت کے لئیے اجازت دی جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ضروری اشیاء میں کون کونسی چیزیں شامل ہونی چاہیئے اس حوالے سے باہمی مشاورت سے آگاہ کیا جائے۔ ہماری کوشش ہے کہ قانون کے مطابق عمل ہو اگر کسی نرمی کی ضرورت ہوگی تو اس حوالے سے حکم دے دیں گے۔ این ایچ اے اور کے ڈی اے کے انجینئرز کو فریق بنا لیا گیا۔ ٹرانسپورٹرز نے کہا کہ دس وہیلرز والی گاڑیوں کو نقل و حرکت کے لئیے اجازت دی جائے۔عدالت نے سپریم کورٹ کے احکامات پر سختی سے عمل کروانے کی ہدایت کردی۔

عدالت نے ہیوی ٹریفک پر پابندی کے اوقات پر سختی سے عمل درآمد کا حکم دیتے ہوئے کمشنر کراچی اور سینئر ممبر لینڈ سے جواب طلب کرلیا۔سندھ ہائیکورٹ نے بنیادی اشیا کی ترسیل والی گاڑیوں کو اجازت دینے سے متعلق تجاویز طلب کرلیں۔عدالت نے آئندہ سماعت پر محکمہ لینڈ ریونیو اور انجینئرنگ بیورو کے متعلقہ افسران کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔عدالت نے این ایچ اے کو آئندہ سماعت سے قبل تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت14مارچ تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں