ظاہر شاہ قائم

ظاہر شاہ قائم مقام چیئرمین نیب تعینات، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد (گلف آن لائن)سابق چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) آفتاب سلطان کے استعفے کے بعد ظاہر شاہ کو قائم مقام چیئرمین نیب تعینات کردیا گیا ۔نیب کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق ڈپٹی چیئرمین نیب ظاہر شاہ کو قومی احتساب ترمیمی ایکٹ 1999 کے سیکشن 6 بی کے تحت تعینات کیا گیا ۔نوٹی فکیشن کے مطابق ظاہر شاہ کا تقرر 22 فروری 2023 سے کیا گیا ہے، وہ نئے چیئرمین نیب کے تقرر تک اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔ظاہر شاہ اس سے پہلے ڈپٹی چیئرمین نیب کے عہدے پرخدمات انجام دے رہے تھے۔

خیال رہے کہ ظاہر شاہ کی تعیناتی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب آفتاب سلطان نے چیئرمین نیب کے عہدے سے صرف 7 ماہ بعد 21 فروری کو اچانک استعفیٰ دے دیا تھا۔میڈیارپورٹ کے مطابق آفتاب سلطان نے یہ کہتے ہوئے استعفیٰ دیا کہ کچھ چیزیں کرنے کا کہا گیا جو میرے لیے ناقابل قبول تھیں۔وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق آفتاب سلطان نے ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفیٰ پیش کیا تھا اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے چیئرمین نیب آفتاب سلطان کا استعفیٰ منظور کر لیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں