کرکٹ میچ

اسلام آباد، اینکرز الیون اور یو کے میڈیا کلب کے مابین کرکٹ میچ کا انعقاد

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)اسلام آباد کے ڈائمنڈ کرکٹ گراونڈ میں اینکرز الیون اور یو کے میڈیا کلب کے مابین ایک دوستانہ کرکٹ میچ کھیلا گیا۔ معروف ٹی وی اینکر کاشف عباسی، محمد مالک، عمران ریاض، قمر عباس، شہزاد اقبال، سید عاصم رضا اور کاشف مجید سمیت دیگر نے میڈیا الیون کی نمائندگی کی۔ میچ کے آغاز میں اینکرز الیون کے کپتان سید عاصم رضا نے ٹاس جیت کر یو کے میڈیا کلب کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ مہمان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹس کے نقصان پر 168 بنائے۔ جوابی اننگز میں اینکرز الیون کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 16 اوورز میں 3 وکٹس کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا، جس میں کاشف مجید کو 47 گیندوں پر 100 رنز سکور کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ ایف ایم 98 دوستی چینل چائنہ میڈیا گروپ اس ایونٹ کا آفیشل پارٹنر تھا۔ اس موقع پر کمنٹری باکس میں ایف ایم 98 کی ڈائریکٹر نورین نے کہا کہ آج کل کی مصروف زندگی میں کھیل کیلئے وقت نکالنا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کے شائقین کی تعداد بہت زیادہ، جنہیں دیکھتے ہوئے یہ کھیل چین میں بھی فروغ پا رہا ہے۔ میچ کے اختتام پر ایف ایم 98 سے گفتگو کرتے ہوئے اینکرز الیون کے کھلاڑی اور مین آف دی میچ کاشف مجید نے کہا کہ یو کے میڈیا کلب نے بہترین بالنگ اور بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر یو کے میڈیا کلب کے کھلاڑی اور ایونٹ کے منتظم عامر خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور ایسے ایونٹس کے انعقاد سے یہ بات پوری دنیا کو بتانا ضروری ہے۔

یو کے میڈیا کلب کے سلیم صابری نے کہا کہ اس میچ کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان فاصلوں کو مزید کم کرنا ہے۔ اس موقع پر فاتح ٹیم اینکرز الیون کے کپتان سینئر اینکر سید عاصم رضا نے کہا کہ مہمان ٹیم کے ساتھ میچ انتہائی دلچسپ رہا لیکن اس ایونٹ کا مقصد ساری دنیا کو امن کا پیغام دینا ہے۔ معروف ٹی وی اینکر عمران ریاض نے کہا انہوں نے طویل عرصے کے بعد کرکٹ کھیلی اور اس ایونٹ کو بہت انجوائے کیا۔ پاکستان میں کھیلوں کے میدان آباد رکھنے میں صرف کھلاڑی ہی نہیں بلکہ زندگی کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد بھرپور حصہ لیتے ہیں۔ اس ایونٹ سے دنیا کو ایک بار پھر پیغام دیا گیا ہے کہ کرکٹ پاکستانیوں کا پسندیدہ کھیل اور شائقین کا جنون ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں