نواز شریف

عمران خان کی طرح اگر مجھے انصاف ملا ہوتا تو ملک آج ہوا میں اْڑ رہا ہوتا’، نواز شریف

اسلام آباد (گلف آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن )کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کی طرح اگر مجھے انصاف ملا ہوتا تو ملک آج ہوا میں اْڑ رہا ہوتا۔وہ صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کررہے تھے ۔اس موقع پر ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ جس طرح عمران خان کو عدالت سے انصاف مل رہا ہے اس کا آدھا بھی آپ کو 2017 میں مل جاتا تو کیا حالات ہوتے؟صحافی کے سوال کے جواب میں نواز شریف نے کہا کہ عمران خان کی طرح اگر مجھے انصاف ملا ہوتا تو ملک آج ہوا میں اْڑ رہا ہوتا، مطلب ترقی کر رہا ہوتا،بہت خوشحال ہوتا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو ایک بار پھر آڑے ہاتھوں لے لیا تھا۔مریم نواز نے کہا تھاکہ عمران خان کی بے رحم لوٹ مار،نااہلی،غلط ترجیحات،آئی ایم ایف کے ساتھ ظالمانہ معاہدے اور اس کی خلاف ورزی نے اس ملک کو معاشی بدحالی میں گرا دیا۔انہوں نے سوشل میڈیا پر عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈھٹائی دیکھو، وہ لوگ جو تمہاری اس گندگی کو ختم کر رہے ہیں تم اپنا گند ان کے سر ڈال رہے ہو، چپ کر کے بیٹھ جاؤ ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں