عرفان اقبال شیخ

ایکسپورٹ انڈ سٹری کیلئے پاور سیکٹر کی سبسڈی واپس لینے سے برآمدات میں شدید کمی آئے گی،عرفان اقبال شیخ

لاہو ر( گلف آن لائن) صدر ایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ نے پیشگی خبردار کیا ہے کہ آئی ایم ایف کو خوش کرنے کے لیے کچھ انڈسٹریز کو دی گئی پاور سیکٹر کی سبسڈی کو اچانک واپس لینے سے برآمدات میں مزید بڑے پیمانے پر کمی واقع ہو گی جو کہ پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس ( پی بی ایس )کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 6 مہینوں یعنی اگست 2022ء سے فروری 2023ء تک پہلے ہی مسلسل گراوٹ کا شکار ہے۔

عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق پاکستانی برآمدات میں فروری 2023ء میں 18.67فیصد کی بڑی کمی واقع ہوئی ہے جو کہ سالانہ بنیادوں پر فروری 2022ء میں 2.83 ارب ڈالر سے فروری 2023ء میں 2.31 ارب ڈالر رہ گئی ہیں۔ جبکہ حکومت زمینی حقائق کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہے اور ہمیں یہ باور کرانے کی کوشش کر رہی ہے کہ برآمدات میں کمی محض 10فیصد کے قریب ہے۔ عرفان اقبال شیخ نے واضح کیا کہ مذکورہ بالا پاور سبسڈی کو جون 2023ء میں ختم ہونا تھا جس میں تجدید یا دوبارہ گفت و شنید کے واضح امکانات موجود تھے تاہم حکومت نے برآمدات پر مبنی صنعتوں کے لیے سبسڈی کو انتہائی نقصان دہ انداز میں واپس لے لیا ہے۔

صدرایف پی سی سی آئی نے بتایا کہ ٹیکسٹائل اور اس سے منسلک مصنوعات کا ملکی برآمدات میں سب سے بڑا حصہ ہے اور انہوں نے مالی سال 2022ء میں ٹیکسٹائل کی 19.3ارب ڈالر کی برآمدات کو اپنی بھرپور محنت، کاروباری صلاحیت، بہترمسابقت اور کووڈ سے پیدا ہونے والے چیلنجز کا بھی مقابلہ کرتے ہوئے حاصل کیاتھا۔سنیئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی سلیمان چالہ نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ٹیکسٹائل کی صنعت متعدد مسائل سے متاثر ہو رہی ہے،سیلاب سے فصل کا ضائع ہونا اور کپاس کی فصل کے رقبے میں مسلسل کمی کی وجہ سے مقامی طور پر پیدا ہونے والی کپاس کی وافر مقدار کی عدم دستیابی ،ایک سال سے بھی کم عرصے میں روپے کی قدر میں 50 فیصد سے زیادہ کمی اورکپاس ٹیکسٹائل کی پیداواری لاگت کا 60 فیصد حصہ ہوتا ہے،خام مال اور مشینری کے لیے درآمدی ایل سیز کو سٹیل کرنے کے لیے ڈالر کی عدم دستیابی ،ڈیمریجز، کنٹینر اور ٹرمینل چارجز ،کپاس کے خام مال کی شدید قلت؛ جس کے نتیجے میں بہت سے ٹیکسٹائل یونٹس بند ہو چکے ہیں اور اب کوئی حفاظتی میکانزم بنائے بغیر بجلی کی سبسڈی واپس لے لی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں