مسعود خان

مسعود خان کا غربت کے خاتمے، حقوق کے تحفظ اور ڈیجیٹل رسائی کے حوالے سے فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین کے موثر کردار کی ضرورت پر زور

واشنگٹن(گلف آن لائن )امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ غربت کے خاتمے، خواتین کے حقوق کے تحفظ، بشمول تعلیم کے حق اور ڈیجیٹل رسائی کے حوالے سے فیصلہ سازی میں خواتین کے مزید موثر کردار کی ضرورت ہے۔خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں سفیر پاکستان نے کہا کہ ایسے ماحول کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے کئی دہائیوں پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ کوئی بھی قوم اس وقت تک عظمت کی بلندی پر نہیں پہنچ سکتی جب تک خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب اسلام ہمیں عورتوں کے حوالے سے برابری اور مساوات کا حکم دیتا ہے،اگر ہم اپنے عقائد پر عمل پیرا ہوں تو خواتین کے خلاف ہر قسم کے امتیازی سلوک کا خاتمہ ہو جائے گا۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ صنفی مساوات ہمارے قومی تشخص کا حصہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے حوالے سے مساوات عالمگیر روایت بن چکی ہے۔ مسعود خان نے کہا کہ پاکستانی خواتین نے زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی قیادت اور صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے،مادر ملت فاطمہ جناح ہماری تحریک آزادی میں خواتین کو متحرک کرنے کے حوالے سے قابل قدر اور مشہور شخصیت ہیں۔ محترمہ بے نظیر بھٹو اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم بنیں۔

محترمہ حنا ربانی کھر پاکستان کی پہلی خاتون وزیر خارجہ بنی ہیں۔سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان کی خواتین بطور قانون ساز، وزراء ، ججز، سرکاری ملازمین، کاروباری شخصیات، سائنسدان، ڈاکٹرز، انجینئرز، ماہرین تعلیم اور مصنفین قومی ترقی میں سرکردہ کردار ادا کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی نژاد امریکی خواتین رہنماؤں نے مختلف شعبہ جات میں نمایاں مقام حاصل کر کے ہمارا سر فخر سے بلند کیا ہے۔سفیر نے متعدد پاکستانی خواتین سفیروں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو سفارت کاری میں قابل تقلید مثالیں قائم کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت اب تک حاصل شدہ کامیابیوں پر اکتفا کرنے کا نہیں بلکہ خواتین کو صحیح معنوں میں بااختیار بنانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرنے کا ہے کیونکہ کسی بھی شکل میں خواتین کی عدم شمولیت سے ملک اور دنیا کے لیے بھاری قیمت ادا کرنے کا باعث بنتا ہے۔

پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے کوششوں اور تعاون پر سفیر پاکستان نے پاکستانی نڑاد امریکی کمیونٹی اور امریکی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے منگل کو اپنی پریس بریفنگ میں کہا کہ امریکی حکومت نے پاکستان کے طلبا کے لئے 6000 سے زائد اسکالرشپ (وظائف) دیے ہیں جن میں سے 60 فیصد وظائف خواتین کو دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے سیلاب سے متاثرہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے پاکستانی یونیورسٹی طلبائ کے لیے 500 وظائف کا اعلان کیا ہے جو ان کی تعلیم مکمل کرنے میں ان کی مدد کریں گے یہ وظائف طالبات کو بھی میسر آئیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں