لاہور ہائیکورٹ

عمران خان حملہ کیس،نئی جے آئی ٹی کیخلاف درخواستیں سماعت کے لئے مقرر

لاہو ر(گلف آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پر وزیرآباد حملہ کیس کی تحقیقات کے لئے بنائی گئی نئی جوائنٹ انویسٹی گیشن کی تشکیل کیخلاف درخواستیں پیر کو سماعت کے لیے مقرر کر دیں۔جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2رکنی بنچ ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر کی درخواستوں پر 13 مارچ کو سماعت کرے گا، ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے کیس کی سماعت کی کاز لسٹ جاری کر دی ۔درخواست گزاروں نے نئی جے آئی ٹی کی تشکیل کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے،

درخواستوں میں وفاقی حکومت بذریعہ وزارت داخلہ، پنجاب حکومت بذریعہ ہوم سیکرٹری اور نئی جے آئی ٹی کے سربراہ آئی جی ریلوے را سردار علی سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست گزاروں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان پر حملہ کی تحقیقات کے لئے پنجاب حکومت نے 15جنوری 2022ء کو جے آئی ٹی تشکیل دی تھی، پہلے سے جے آئی ٹی کی موجودگی میں نئی جے آئی ٹی غیر قانونی ہے، نئی جے آئی ٹی کی تشکیل بد نیتی کی بنیاد پر کی گئی ہے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت نئی جے آئی ٹی کی تشکیل کا اقدام کالعدم قرار دے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں