وزیراعلی سندھ

تھر منصوبہ توانائی کے بحران کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کریگا، وزیراعلی سندھ

تھرپارکر (گلف آن لائن)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تھر منصوبہ پاکستان کے توانائی کے بحران کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔وزیراعلی مراد علی شاہ نے تھرپارکر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان، محترم چیئرمین بلاول بھٹو اور تمام معززین کا شکر گزار ہوں۔سندھ کے دو بڑے منصوبوں کی کامیاب تکمیل میرے لئے اعزاز ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے دو بڑے منصوبوں کی کامیاب تکمیل میرے لئے اعزاز ہے، ایک تھر کول بلاک-I کے COD، کوئلے کی کان اور بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ ہے، دوسرا تھرکول بلاک 2 میں 330 تھل نووا میگاواٹ بجلی کی پیداوار کا منصوبہ ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ دونوں منصوبے پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (CPEC) کے تحت مکمل ہوئے، تھر منصوبہ چین اور پاکستان کے مضبوط اور پائیدار شراکت داری کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔انہوںنے کہا کہ سندھ کی ترقی میں تھر کول بلاک-I کا سی او ڈی ایک اہم سنگ میل ہے، تھرکول فیلڈ دنیا میں کوئلے کے سب سے بڑے ذخائر میں سے ایک ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ شنگھائی الیکٹرک کی جانب سے تھرکول فیلڈ منصوبہ CPEC کا ایک اہم منصوبہ ہے، تھر کول فیڈ منصوبہ پاکستان کو توانائی کو پورا کرنے اور درآمدی ایندھن پر انحصار کو کم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ تھرکول فیلڈ منصوبہ عالمی وماحولیاتی تحفظ کے معیارات کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے جبکہ تھر منصوبے سے روزگار کے مواقع اور خطے میں اقتصادی ترقی کو فروغ ملا ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ تھر منصوبے کی قیادت اور سرمایہ کاری میسرز شنگھائی الیکٹرک نے کی ہے۔ تھرکول فیلڈ منصوبے میں 660میگاواٹ کے دوپاور پلانٹ یونٹ شامل ہیں۔

انہوںنے کہا کہ دونوں منصوبوں کی سالانہ پیداوار 7.8 ملین ٹن لگنائٹ اوپن پٹ کول سے ہوتی ہے، سی او ڈی کے بعد یہ منصوبہ پاکستان میں 40 لاکھ گھرانوں کی بجلی فراہم کرتا ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ تھر کول منصوبے سے ایندھن کی درآمدات میں کمی اور زرمبادلہ کے ذخائر کی بچت ہورہی ہے، منصوبے کی کل سرمایہ کاری لاگت 3 ارب امریکی ڈالر تک ہے۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کے سائیٹ کی تعمیر 2019 میں شروع کی گئی جبکہ منصوبے کی فنانسنگ کے حصول میں ابھی تک تاخیر کا سامنا ہے، گزشتہ کچھ برسوں سے شنگھائی الیکٹرک مسلسل اپنے فنڈز سے تعمیراتی کام کررہی ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ تھر بلاک-1 منصوبے نے مقامی لوگوں کیلئے 12 ہزار سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کیے ہیں، 135 ملین ڈالر کی مجموعی ٹیکس ادائیگی سمیت 1.63 ملین ڈالر سے زائد CSR اخراجات ہیں۔ شنگھائی الیکٹرک نے سیلاب متاثرین کیلئے 8.88 ملین روپے امدادی و طبی امداد فراہم کی۔

تھرکول بلاکII میں تھل نووا 330 میگاواٹ پلانٹ کا COD بڑی کامیابی ہے، اس کی تکمیل پر 527 ملین امریکی ڈالر لاگت آئی۔وزیراعلی نے کہا کہ امید ہے یہ منصوبہ پاکستان کے توانائی کے بحران کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا، منصوبہ جدید ترین ٹیکنالوجی سمیت عالمی معیارات کے مطابق مکمل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی کی علامت بن گیا ہے، وزیراعظم کی قیادت میں اس تعاون کو مزید مضبوط اور وسعت دینے کیلئے پرعزم ہیں۔مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ چائنا حکومت اور کمپنیز کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے ان منصوبوں کی کامیاب تکمیل میں تعاون کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں