شیخ رشید احمد

سپریم کورٹ کو تقسیم کرنا جمہوری غداری ہوگی’شیخ رشید احمد

لاہور (گلف آن لائن ) سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کو تقسیم کرنا جمہوری غداری ہوگی،آئین اور قانون نہیں ہوگا تو پھر جنگل کا قانون ہوگا، چھینا جھپٹی،خانہ جنگی،لوٹ مار ہوگی کوئی بچانے والا نہیں ہوگا ،سپریم کورٹ کا فیصلہ جو نہ مانے اس پر آرٹیکل 6لگایا جائے۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ اللہ نے سپریم کورٹ کے موجودہ بنچ کو یہ موقع دیا ہے کہ وہ پاکستان کو موجودہ سنگین بحران سے نکالے،1997ء کے سجاد شاہ والے حالات سپریم کورٹ میں پیدا کیے جارہے ہیں لیکن اس مرتبہ اس کا نتیجہ خوفناک اور تشویشناک ہوگا، سپریم کورٹ کو تقسیم کرنا جمہوری غداری ہوگی۔شیخ رشید نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ کہے تو الیکشن کی شرط پر اور اوورسیز پاکستانی 20ارب روپے ڈونیشن دینے کو تیار ہیں،90دن میں انتخابات نہ ہوئے تو کوئی ضمانت نہیں کہ ماسٹر لال اکتوبر میں بھی انتخاب کرائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون نہیں ہوگا تو پھر جنگل کا قانون ہوگا، چھینا جھپٹی،خانہ جنگی،لوٹ مار ہوگی کوئی بچانے والا نہیں ہوگا ،سپریم کورٹ کا فیصلہ جو نہ مانے اس پر آرٹیکل 6 لگایا جائے۔سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف اور ڈونر کا حکومت پر اعتماد ختم ہوچکا ہے، نااہل لوگ اپنے آپ کو اہل کرانے کے لیے چارٹر جہاز پر بکنے والے ممبروں کو لارہے ہیں، رات کے اندھیرے میں لینڈ کرنے والے چوروں اور منی لانڈررز کو اس ملک کا ذمہ دار بنا دیا گیا ہے، یہ سعودی عرب میں تحریری معافی لندن میں بیماری کا بہانہ بناکر گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں