وزیر اعظم شہباز شریف

آئین کی گولڈن جوبلی ،ملک میں آئین، جمہوریت اور عوام دوست جماعتوں کا اقتدار میں ہونا تاریخ کا حسین اتفاق ہے، وزیر اعظم

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے دستور پاکستان 1973 کے 50 سال مکمل ہونے پر قوم کو مبارک پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 1973 کا آئین قائد اعظم محمد علی جناح ، علامہ اقبال اور بانیان پاکستان کی بصیرت کا نچوڑ ہے جس نے قوم کو متحد کررکھا ہے، تاریخ میں پہلی بار تمام جماعتوں نے مل کر آئین کی طاقت سے ووٹ چور ،سلیکٹڈ اور مسلط کئے گئے ٹولے کو اقتدار سے نکال باہر کیا،ملک کو معاشی ترقی و خود انحصاری سے ہمکنار کرکے اور عوام کی زندگیوں میں آسانیاں لاکر آئین کی طاقت اور شان بڑھائیں گے۔

پیرکو دستور کے 50 سال مکمل ہونے پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے دستور کا تحفہ دینے والے تمام قائدین، جماعتوں اورارکان پارلیمان کوخراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے ان تمام محترم شخصیات کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے پچاس سال میں آئین کی عزت و حرمت بڑھائی اور اس کی مضبوطی میں کردار ادا کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ 10 اپریل 1973 سے 10 اپریل 2023 تک دستور پاکستان نے قوم کو متحد رکھا ہے ،دستور ہی پاکستان میں رہنے والی تمام قوموں کا متفقہ عمرانی معاہدہ ہے ،دستور تمام ریاستی اداروں کی ماں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحات ، حادثات اور سازشی واقعات کے باوجود آئین نے اپنے وجود کو برقرار رکھا ۔

انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو آئین کے معمار بھی تھے اور اس کے لئے جان قربان کرنے والے بھی،وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس موقع پر محترمہ بے نظیر بھٹو اور قائد محمد نوازشریف کو خاص طور پر سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ا?ئین کی سربلندی، حفاظت اور فروغ کے لئے تاریخی کردار ادا کیا ۔وزیراعظم نے کہا کہ تاریخ کا حسین اتفاق ہے کہ آئین کی گولڈن جوبلی مناتے ہوئے ملک میں آئین، جمہوریت اور عوام دوست جماعتیں اقتدار میں ہیں ،آئین کی گولڈن جوبلی ایسے موقع پر آئی ہے جب تاریخ میں پہلی بار تمام جماعتوں نے مل کر آئین کی طاقت سے ووٹ چور ،سلیکٹڈاور مسلط ٹولے کو اقتدار سے نکال باہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کا محافظ اور سمت نما ہے، اس کی حفاظت جان دے کر بھی کریں گے،ملک کو معاشی ترقی و خود انحصاری سے ہم کنار کرکے اور عوام کی زندگیوں میں آسانیاں لاکر آئین کی طاقت اور شان بڑھائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں