'ڈاکٹر جاوید اکرم

سی پیک کی طرح صحت کے شعبہ کی بہتری کیلئے بھی چین کے ساتھ ہیلتھ کوری ڈور شروع کرناچاہتے ہیں’وزیرصحت پنجاب

لاہور (گلف آن لائن)نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکر م اور ڈپٹی کونسل جنرل ری پبلک آف چائنہ مسٹرکاؤکی نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں نمائش کاافتتاح کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن پروفیسرڈاکٹرطلعت نصیرپاشا،جمال شاہ،فریال گوہر،فیکلٹی ممبران اور چائنہ سے ثقافت کے شعبہ سے وابستہ کثیر تعداد میں افرادنے شرکت کی۔

نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے نمائش کا دورہ کیا اورفن پاروں کو سراہا۔اس موقع پر نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم اور مسٹرکاؤکی نے تحائف کاتبادلہ بھی کیا۔نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ نمائش کے ذریعے پاکستان اور چین کی ثقافت کو فروغ دینے کی کوشش کی گئی ہے۔چین پاکستان کا انتہائی قریبی اور بہترین دوست ملک ہے۔

پاکستان اور چین ثقافت کے شعبہ میں بہت ترقی کررہے ہیں۔ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان انتہائی خوبصورت رشتے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔سی پیک کی طرح صحت کے شعبہ کی بہتری کیلئے بھی چین کے ساتھ ہیلتھ کوری ڈور شروع کرناچاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ چین نے پوری دنیامیں ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تہلکہ مچارکھاہے۔پاکستان آبادی کے اعتبارسے دنیاکاتیسرابڑاملک بننے جارہاہے۔نگران صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں بچے اچھی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

پاکستان میں 30سے زائدجبکہ چین میں 100سے زائد میڈیکل یونیورسٹیزہیں۔پاکستانی میڈیکل یونیورسٹیزکے ساتھ چین کی میڈیکل یونیوسٹیزکی کولیبوریشن چاہتے ہیں۔ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ پاکستان اور چین دونہیں بلکہ ایک ہی ملک ہے۔پاکستان اور چین کی عوام میں انتہائی قریبی مراسم وابستہ ہیں۔

ڈپٹی کونسل جنرل ری پبلک آف چائنہ مسٹرکاؤکی نے کہاکہ یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں نمائش کے ذریعے دونوں ممالک کی ثقافت کو فروغ دینے کا موقع ملے گا۔چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات جاری رکھے گا۔یہ نمائش دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزیدبہتربنائے گی۔وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن پروفیسرڈاکٹرطلعت نصیرپاشا نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم اور ڈپٹی کونسل جنرل ری پبلک آف چائنہ مسٹرکاؤکی کی آمدپرشکریہ اداکیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں