امیر مقام

امیر مقام کی ازبکستان کے وزیر ثقافت سے ملاقات ،دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

تاشقند(گلف آن لائن)وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور، قومی ورثہ اور ثقافت انجینئر امیر مقام نے اپنے ہم منصب، جمہوریہ ازبکستان کے ثقافت اور سیاحت کے وزیر ازودبیگ نذربیگ سے گورنر سردارہ ریجن اکمل جان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ جمہوریہ ازبکستان کے ثقافت اور سیاحت کے وزیر نے وزیر اعظم کے مشیر کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہمیشہ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات رہے ہیں۔ وزیراعظم کے مشیر نے فراخدلانہ مہمان نوازی پر ازبکستان کی حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

ملاقات کے دوران انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات میں مضبوطی کے امکانات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ جمہوریہ ازبکستان کے ثقافت اور سیاحت کے وزیر ازودبیگ نذر بیگ نے ثقافتی ورثے کے شعبے میں تعاون کے امکانات کو تسلیم کیا اور ترقی پسند بنیادوں پر مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

مشیروزیراعظم انجینئرامیرمقام کے توجہ دلانے پر پاکستان اور ازبکستان کے درمیان براہ راست رابطہ پروازیں بحال کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا گیا جس سے دونوں ممالک میں سیاحت ، ثقافت ، تعلیم اور معیشت کو فروغ ملے گا۔ملاقات میں ازبکستان ،افغانستان ، پاکستان ریلوے منصوبے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے اس بات پر باہمی اتفاق کیا کہ یہ منصوبہ ایک گیم چینجر منصوبے کی حیثیت رکھتا ہے جسکی تکمیل سے معیشت ، سیاحت و ثقافت سمیت دیگر شعبوں میں نمایاں تبدیلی آئے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں