'ڈاکٹر جاوید اکرم

ایک ڈاکٹر کیلئے مریضوں کی دعا سے بڑی کوئی دولت نہیں ہوتی’ڈاکٹر جاوید اکرم

لاہور ( گلف آن لائن) نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے علامہ اقبال میڈیکل کالج کے بیسویں کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ نے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔اس موقع پر پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر نادیہ نسیم، پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، پروفیسر ماہ جبیں، پروفیسر عائشہ، فیکلٹی ممبران، فریش گریجویٹس اور والدین نے شرکت کی۔

کانووکیشن کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک اور قومی ترانہ سے کیا گیا۔پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ نے اپنے استقبالیہ خطاب میں نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور فریش گریجویٹس کو مبارکباد دی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم اور پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ ودیگر نے نمایاں گریجویٹس کے درمیان گولڈمیڈلزاور تعریفی اسناد تقسیم کی۔اس موقع پر پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر نادیہ نسیم نے بھی حاضرین سے خطاب کیا۔

نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کانووکیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کرنے والے تمام فریش گریجویٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہیں۔ آج کامیاب ہونے والے تمام گریجویٹس کو خدمت انسانیت کا موقع فراہم ہو رہا ہے۔ چار سال تک بطور پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج کا حصہ رہا ہوں۔ جناح ہسپتال میں ڈاکٹروں کی عزت کی خاطر دہشتگردی کے مقدمات کا بھی سامنا کیا۔ علامہ اقبال میڈیکل کالج ایک انتہائی شاندار ادارہ ہے۔آج گریجویٹس علامہ اقبال کی فکر لے کر جارہے ہیں۔ آج کامیاب ہونے والے گریجویٹس کا اصل امتحان شروع ہو گیا ہے۔

بیسٹ گریجویٹ محمد احمد اور اسکے والدین کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ بچوں کی کامیابی میں والدین اور اساتذہ کا بنیادی کردار ہوتا ہے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ ڈاکٹر مریض کے دکھوں کا ساتھی ہوتا ہے۔ ایک ڈاکٹر کیلئے مریضوں کی دعا سے بڑی کوئی دولت نہیں ہوتی۔ ایک ڈاکٹر علاج کے دوران اس خاندان کا حصہ بن جاتا ہے۔ ایک اچھا انسان ہی اچھا ڈاکٹر بن سکتا ہے۔ ہم مسلمانوں کو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآل وسلم کو ہی اپنا رول ماڈل بنانا چاہئے۔ ڈاکٹرز کو اپنے اندر اچھی کمیونیکیشن سکلز پیدا کرنی چاہئے۔ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ انسان کو ہمیشہ بڑے خواب دیکھ کر اس کو حاصل کرنے کے لیے محنت کرنی چاہیے۔بچیوں کو شادی کے بعد بھی میڈیکل پروفیشن جاری رکھنا چاہیے۔ علامہ اقبال میڈیکل کالج کے نمایاں گریجویٹس کو ایوانِ وزیر اعلیٰ میں پوری کابینہ ویلکم کرے گی۔

پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم اور پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔اس کانووکیشن کو کامیاب بنانے والے تمام ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔علامہ اقبال میڈیکل کالج میں بچوں کو جدید تربیت فراہم کی جاتی ہے۔ علامہ اقبال میڈیکل کالج پیپرلیس ورکنگ کاآغاز کرنے والا پہلا طبی ادارہ ہے۔ جناح ہسپتال میں دوسو بستروں پر مشتمل نئی ایمرجنسی بنائی جا رہی ہے۔ جناح ہسپتال میں مریضوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے لیے گوہر اعجاز کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں