عمران خان کے جلسے عوامی ریفرنڈم ثابت ہوں گے ‘مسرت جمشید چیمہ

لاہور( گلف آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے10مئی سے شروع ہونے والے جلسے عوامی ریفرنڈم ثابت ہوں گے ، قابض ٹولے پر واضح ہو جائے گا عوام کس طرف کھڑے ہیں اور کیا چاہتے ہیں ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ٹولہ ہر صورت میں عمران خان کا راستہ روکنا چاہتا ہے اور اس کیلئے وہ آئین و قانون کو پائوں تلے روندنے سے بھی گریز نہیں کر رہا ،آج عوام دو وقت کی روٹی سے بھی تنگ ہیں لیکن قابض ٹولے کو ہر حال میں عمران خان کا راستہ روکنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اب تحریک انصاف کی جدوجہد میں مزید تیزی آئے گی اور آئین شکن ٹولہ کان کھول کر سن لے اس جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچایاجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ان شا اللہ اس ملک میں نظام بدلے گا اور طاقتور کو قانون کے کٹہر ے میں لانے والا نظام نافذ ہوگا ۔ عمران خان نے جلسوں کا اعلان کر دیا ہے جو عوامی ریفرنڈم ثابت ہوں گے ، ہمارے سیاسی مخالفین ان جلسوں میں عوام کی غیر معمولی شرکت سے ہوائوں کا رخ بھی دیکھ لیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں