ویدانت پٹیل

پاکستان میں جمہوری اقدار اور قانون کا احترام چاہتے ہیں، امریکا

واشنگٹن (گلف آن لائن )ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویدانت پٹیل نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوری اقدار، اصولوں کی پاسداری اور قانون کا احترام دیکھنا چاہتے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حالات کی نگرانی کر رہے ہیں، مضبوط جمہوری پاکستان امریکا کے مفاد میں ہے۔

ویدانت پٹیل کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ کئی معاملات پر بات چیت جاری ہے، انسانی حقوق، میڈیا کی آزادی کا معاملہ پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ اٹھایا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پہلے بھی کہہ چکے ہیں ہم کسی ایک سیاسی امیدوار یا جماعت پر پوزیشن نہیں رکھتے، پاکستان ہی کیا دنیا کے کسی ملک میں ہمارا کوئی پسندیدہ امیدوار یا پسندیدہ جماعت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد میڈیا بہتر جمہوری معاشرہ تشکیل دیتا ہے، انٹرنیٹ رابطوں کا ایک اہم ذریعہ ہے، انٹرنیٹ لوگوں کی معلومات تک رسائی کو ممکن بناتا ہے۔ترجمان امریکی وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے، اس کے لیے پرائیویٹ سیکٹر، تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں