شہزادہ فیصل بن فرحان

سعودی وزیر خارجہ کا اقوام متحدہ کے ایلچی سے شام کے مسئلہ پر تبادلہ خیال

ریاض( گلف آن لائن)سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اقوام متحدہ کے ایلچی گیئر پیڈرسن سے فون پر بات چیت کی ہے اور شام کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ انہوں نے سعودی عرب اور اقوام متحدہ کی جانب سے شام میں سیاسی حل تک پہنچنے کی کوششوں پر گفتگو کی۔

میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ اس فون کال میں سعودی عرب اور اقوام متحدہ کی جانب سے شام کے سیاسی حل تک پہنچنے کی کوششوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ایسے حل پر بات چیت کی گئی جو بین الاقوامی قرار دادوں کے مطابق شامی عوام کی سلامتی اور استحکام کی ضمانت دیتا ہو اور بیرون ملک شامی پناہ گزینوں کی بحفاظت واپسی یقینی بناتا ہو۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی معاملات میں ہونے والی اہم ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خیال رہے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے شام کے صدر بشار الاسد کو عرب لیگ کے 32 ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی بھیجی ہے۔ یہ اجلاس 19 مئی کو سعودی عرب میں منعقد ہو رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں