چودھری پرویزالٰہی

مبینہ کرپشن کیس ،اینٹی کرپشن عدالت نے پرویز الٰہی کی عبوری ضمانت خارج کر دی

لاہور(گلف آن لائن)اینٹی کرپشن عدالت نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے کیس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی ضمانت خارج کر دی۔اینٹی کرپشن عدالت کے جج علی رضا نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے مقدمے میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی ۔

چوہدری پرویزالٰہی عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر عدالت میں پیش نہ ہوئے جبکہ ان کے وکیل کی جانب سے میڈیکل کی بنیاد پر حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی گئی ۔وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پرویز الٰہی کو سینے میں تکلیف ہے، عدالت پیش نہیں ہو سکتے۔پراسیکیوشن نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ میڈیکل جعلی ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ رپورٹس دکھائیں میں ابھی فیصلہ کرتا ہوں ۔جج نے میڈیکل رپورٹس فوری عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کر دی۔گزشتہ سماعت پر بھی پرویز الٰہی کی حاضری معافی کی درخواست منظور کی گئی تھی۔ دوبارہ سماعت شروع ہونے پر عدالت نے حاضری معافی کی درخواست خارج کر دی جبکہ پرویزالٰہی کی عبوری ضمانت عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کرنے کا حکم سنایا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں