بلاول بھٹو

لڑائی کے بجائے مذاکرات کسی بھی مسئلے کا بہترین حل ہیں، بلاول بھٹو

اسلام آباد(گلف آن لائن) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم روس اور یوکرین کے درمیان تنازعات کا پرامن حل چاہتے ہیں، لڑائی کے بجائے مذاکرات کسی بھی مسئلے کا بہترین حل ہیں، اسی طرح پاکستان یو این قراردادوں کے تحت مسئلہ کشمیر کا حل چاہتا ہے۔

انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز کے قیام کو پچاس سال مکمل ہونے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس ادارے کا افتتاح پچاس برس قبل میرے نانا ذوالفقار علی بھٹو نے کیا تھا، دنیا کو درپیش مسائل کے حل کیلیے مل کر کام کرنا ہوگا اور پاکستان دنیا کو درپیش مسائل کے حل کیلیے کردار ادا کر رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے، پاکستان کے سعودی عرب، یو اے ای اور ترکیہ کے ساتھ مثالی تعلقات ہیں اسی طرح چین پاکستان کا بہترین دوست اور اسٹریٹجک پارٹنر ہے، سی پیک چین کی پاکستان سے مثالی دوست کی عکاسی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم روس اور یوکرین کے درمیان تنازعات کا پرامن حل چاہتے ہیں، لڑائی کے بجائے مذاکرات کسی بھی مسئلے کا بہترین حل ہیں، اسی طرح پاکستان یو این قراردادوں کے تحت مسئلہ کشمیر کا حل چاہتا ہے، شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔

افغانستان کے معاملے پر انہوں ںے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے اقوام عالم کو کردار ادا کرنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں