وزیراعظم

پرائم منسٹر نیشنل انوویشن ایوارڈ ز تقریب ، وزیراعظم نے با صلاحیت نوجوانوں میں چیک اور ایوارڈز تقسیم کئے

اسلام آباد(گلف آن لائن) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم نوجوانوں کی بے پناہ کامیابیوں پر فخر کرتی ہے، ہم نے لاکھوں باصلاحیت نوجوانوں میں میرٹ پر مفت لیپ ٹاپ تقسیم کئے، قوم مشکلات سے نکلنے کا فیصلہ کرے تو کوئی بھی ہمیں آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتا، چین نے پاکستان کا ہر مشکل میں ساتھ دیا ہے،

وہی قومیں آگے بڑھتی ہیں جو قرضوں سے فائدہ حاصل کر ے ان کو کامیابی سے واپس کر دیتی ہیں، ہمیں قرضوں سے جان چھڑانی چاہیے، پیر کے روازاسلام آباد میں پرائم منسٹر نیشنل انوویشن ایوارڈ کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ آج میرے لئے خوشی کا دن ہے مجھے نوجوانوں سے ملاقات کا موقع ملا، نوجوانوں نے اپنی تعلیم کے دورانیہ میں محنت سے مختلف شعبوں میں صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، پوری قوم نوجوانوں کی بے پناہ کامیابیوں پر فخر کرتی ہے، بات دس لاکھ اور ایوارڈ کی نہیں بلکہ نوجوانوں کی قابلیت کی ہے، ملک میں لوگوں اور نوجوانوں کو مہنگائی کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف نے با صلاحیت نوجوانوں میں چیک اور ایوارڈز تقسیم کئے، شہباز شریف نے کہا کہ نوجوان اپنی محنت اور قابلیت سے عالمی مارکیٹ میں اپنا مقام بنائیں گے، پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھوں میں محفوظ ہے، وزیراعظم نیشنل یوتھ ایوارڈ پروگرام کے تحت 100با صلاحیت نوجوانوں میں 16کروڑ روپے تقسیم کئے جائیں گے، نوجوانوں کی سرمایہ کاروں سے ملاقات بھی کروائی جائے گی،

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کے ہاتھوں میں ایک ہنر ہونا چاہیے، نوجوانوں کو آگے بڑھنے کےلئے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں، حکومتیں ملک میں صنعتیں نہیں لگاتیں بلکہ صنعتیں لگانے کےلئے کینٹ لیس کا کردار ادا کرتی ہیں، حکومتیں زراعت اگانے کےلئے سہولیات فراہم کرتی ہیں، ہم نے نوجوانوں پر انوسٹمنٹ کی، ہم نے جنوبی پنجاب سے پروگرام شروع کیا، مختلف شعبوں میں کام کرنے کےلئے دس ہزار روپے مہیا کئے، ہم نے لاکھوں باصلاحیت نوجوانوں میں میرٹ پر مفت لیپ ٹاپ تقسیم کئے، لیپ ٹاپس سے متعلق متعدد الزامات لگائے گئے، مجھے الزامات کی پرواہ نہیں، میں نے نوجوانوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے، کلاشنکوف نہیں، کوویڈ کے دوران لیپ ٹاپس نے نوجوانوں کو تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے کا موقع دیا، بچوں کو تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے کےلئے وظائف فراہم کئے جا رہے ہیں، پاکستان کو آج معاشی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،

میرا ایمان ہے کہ ہم ضرور اس مشکل سے بھی نکل آئیں گے، قوم مشکلات سے نکلنے کا فیصلہ کرے تو کوئی بھی ہمیں آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتا، چین نے پاکستان کا ہر مشکل میں ساتھ دیا ہے، وہی قومیں آگے بڑھتی ہیں جو قرضوں سے فائدہ حاصل کر ے ان کو کامیابی سے واپس کر دیتی ہیں، ہمیں قرضوں سے جان چھڑانی چاہیے، دوست ممالک نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا، جن دوست ممالک نے مشکل وقت میں ساتھ دیا ان پر تنقید غیر اخلاقی ہے، اللہ تعالی نے پاکستان کوبے پناہ وسائل سے نوازا ہے، ہم وسائل سے استفادہ حاصل کر کے خود کفیل ہو سکتے ہیں، قوموں کی زندگی میں اس طرح کے چیلنجز آتے جاتے رہتے ہیں، ہمیں عہد کرنا ہو گا کہ پاکستان کی تقدیر بدلنے کےلئے محنت کریں گے، ہمیں باتوں اور وعدوں کے بجائے عملی طور پر کچھ کر کے دکھانا ہو گا، ہمیں کامیابی حاصل کر نے کےلئے تاریخ سے سبق سیکھنا ہو گا، اتحادیوں کے ساتھ مل کر ملکی ترقی کا سفر جاری رہے گا

اپنا تبصرہ بھیجیں