خواجہ آصف

سپریم کورٹ کا 9 رکنی بینچ ٹوٹ گیا، نتائج آج یا کل سامنے آجائیں گے: خواجہ آصف

اسلام آباد(گلف آن لائن)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملٹری کورٹس میں ٹرائل کے حوالے سے درخواست پر سپریم کورٹ کا بینچ ٹوٹ گیا ہے، اس کے نتائج آج یا کل سامنے آجائیں گے۔

قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں ن لیگی رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ ملٹری کورٹس میں سویلین کے ٹرائل کا معاملہ عدالت عظمیٰ لے جایا گیا ہے، سابق دور حکومت میں 24 سے 25 لوگوں کو فوجی عدالتوں نے سزائیں سنائیں۔

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے یہ معاملہ اٹھایا ہے ان کے سیاسی مفادات ہیں، درخواست گزاروں کے اپنی، اپنی جماعتوں کے ساتھ تحفظات ہیں، سپیکر صاحب آپ بھی ان کو اچھی طرح جانتے ہیں جن لوگوں کے خلاف ملٹری کورٹس میں ٹرائلز ہو رہے ہیں، ان جیسے جرائم ہماری تاریخ میں نہیں ملتے، ریاست ایسے جرائم کی متحمل نہیں ہوسکتی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ شہیدوں کی نشانیوں کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا وہ سب نے دیکھا، ایک شہید کے جسد خاکی کو تو ہمارے دشمن نے بھی عزت کے ساتھ ہمارے حوالے کیا تھا مگر ان لوگوں نے اس شہید کے مجسمے کے ساتھ کیا سلوک کیا، سیاسی مقاصد کیلئے ملک کی عزت اور وقار کو داؤ پر نہ لگائیں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ آپ لوگ جا رہے ہیں کوئی ورثہ چھوڑ جائیں تاکہ لوگ آپ کو اچھے الفاظ میں یاد کریں، جو ہمارے ملک کیلئے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں وہ ہمارے محسن ہیں، میں ایوان سے اپیل کرتا ہوں اپنی عزت کا تحفظ کریں، اس ایوان سے یہ پیغام جانا چاہیے کہ ہم اپنی عزت و تکریم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں