اسلام آباد( گلف آن لائن)سپریم کورٹ نے اقلیتوں سے متعلق عدالتی فیصلے پر قائم ون مین کمیشن کو فنڈز کی فراہمی سے متعلق کیس میں حکومت کو ون مین کمیشن کی 19 ملین اضافی گرانٹ درخواست پر جلد فیصلہ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ جمعرات کو کیس کی سماعت جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں قائم دو رکنی بینچ نے کی ۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیاکہ ڈپٹی اٹارنی جنرل بتائیں کہ اضافی فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے کیا پیش رفت ہے۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہاکہ عدالت میں تحریری جواب جمع کروایا ہے۔ انہوںنے کہاکہ عدالت حکم دے گی تو فنڈز فراہم کر دیں گے۔ جسٹس منیب اختر نے کہاکہ فنڈز کی فراہمی کا حکم دینا عدالت کا نہیں حکومت کا کام ہے، حکومت موجودہ سیشن کے دوران ان فنڈز کی فراہمی پر فیصلہ کرے۔رمیش کمار نے کہاکہ ون مین کمیشن کو اضافی فنڈز کی فراہمی پر میرا اعتراض ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ اضافی فنڈز کی وضاحت ہے یا نہیں یہ فیصلہ فنڈز دینے والے کریں گے۔سپریم کورٹ نے حکومت کو ون مین کمیشن کی 19 ملین اضافی گرانٹ درخواست پر جلد فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی ۔کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی گئی