ایکنک اجلاس

ایکنک اجلاس: سیلاب سے بچاؤ کیلئے 194 ارب 62 کروڑ روپے لاگت کا منصوبہ منظور

اسلام آباد:(گلف آن لائن)وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایکنک کا اجلاس ہوا جس میں اربوں روپے کی لاگت کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایکنک اجلاس میں سیلاب سے تحفظ سے متعلق 194 ارب 62 کروڑ لاگت کا منصوبہ منظور کیا گیا اس پر 10 ارب 86 کروڑ روپے بیرونی فنانسنگ کی مد میں خرچ ہوں گے، سندھ میں تھر کول کو مکھی فراش لنک کینال کے ذریعے پانی کی فراہمی کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی جس پر 12 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی، منصوبے کے تحت بجلی کی پیداوار اور آبپاشی کیلئے پانی دستیاب ہوگا، کچھی کینال منصوبے پر 8 ارب 28 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔

وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں نیو بالاکوٹ سٹی ڈیویلپمنٹ منصوبے کی راہ میں تکنیکی مسائل دور کرنے کی ہدایت کی گئی، 36 اضلاع میں بچوں میں غذائی قلت اور سٹنٹنگ کی روک تھام کا منصوبہ بھی منظور کر لیا گیا، حکومت بیرونی مالی امداد کے ذریعے اسے مکمل کرے گی، 36 کلو میٹر طویل سندھ کوسٹل ہائی وے کی تعمیر کی بھی منظوری دی گئی، منصوبے پر 16 ارب 20 کروڑ روپے لاگت آئے گی، سندھ حکومت وفاقی پی ایس ڈی پی کے ذریعے اسے مکمل کرے گی۔

ایکنک نے لاہور سیالکوٹ موٹروے نارنگ منڈی اور نارووال لنک کی تعمیر کا منصوبہ بھی منظور کر لیا، سانگھڑ سے نیشنل ہائی وے این فائیو کی تعمیر کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی جس پر 12 ارب 52 کروڑ روپے کی نظرثانی شدہ لاگت آئے گی، آڈیٹر جنرل آف پاکستان کیلئے 20 کروڑ روپے، ایف سی خیبرپختونخوا نارتھ کیلئے 3.8 ارب روپے، ایف سی خیبرپختونخوا نارتھ کے راشن بل کیلئے 2.9 ارب روپے، ایف سی خیبرپختونخوا ساؤتھ کے راشن بل کیلئے 82 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں