اجلاس

فلسطین کا مسئلہ مشرق وسطیٰ کے مسئلے کا مرکز ہے، چین

اقوام متحدہ(گلف آن لائن)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے مشرق وسطیٰ میں فلسطین کے مسئلے پر ایک عوامی اجلاس منعقد کیا اور اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب چانگ جون نے اپنی تقریر میں کہا کہ فلسطین کا مسئلہ مشرق وسطیٰ کے مسئلے کا مرکز ہے اور چین نے ہمیشہ فلسطینی عوام کے جائز قومی حقوق کی بحالی کی بھرپور حمایت کی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے حوالے سے چین کے تین نظریات پر بھی روشنی ڈالی۔

بد ھ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق چانگ جون نے کہا کہ سب سے پہلے، ہمیں تشدد کے چکر کو توڑنا ہوگا اور مشترکہ سلامتی کو فروغ دینا ہوگا۔ دوسری بات یہ ہے کہ بین الاقوامی قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھتے ہوئے موجودہ صورتحال کو یکطرفہ طور پر تبدیل کرنے کی کوششوں کو بند کیا جائے۔ مقبوضہ علاقوں میں بستیوں کی تعمیر بین الاقوامی قانون بلکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2334 کے تقاضوں کے منافی ہے۔

تیسری بات یہ کہ ہمیں اپنے سیاسی وعدوں کو پورا کرتے ہوئے دو ریاستوں کے فارمولے کو آگے بڑھانا ہوگا۔ بین الاقوامی برادری کو ہمیشہ مسئلہ فلسطین کو بین الاقوامی ایجنڈے میں سرفہرست رکھنا چاہئے اوردو ریاستوں کے فارمولے کو آگے بڑھانے کے لئے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں