فیاض چوہان

پی ٹی آئی کی طرف سے سوشل میڈیا پرمنفی مہم چلائی جا رہی ہے: فیاض چوہان

راولپنڈی (گلف آن لائن) رہنما استحکام پاکستان پارٹی فیاض الحسن چوہان کاکہنا ہے کہ پی ٹی آئی اوراس کے چیئرمین کی طرف سے ملٹری کورٹس سے متعلق منفی مہم چلائی جا رہی ہے۔

راولپنڈی میں رہنما استحکام پاکستان پارٹی فیاض الحسن چوہان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت 9 مئی کے پُر تشدد واقعات میں ملوث ہے اور رنگے ہاتھوں پکڑی گئی ہے ، پی ٹی آئی والے سوشل میڈیا پر منفی سرگرمیاں کرتے تھے، ڈی جی آئی ایس پی آر نے ملٹری کورٹس کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی ، جس پر پی ٹی آئی اور چیئرمین کی طرف سے سوشل میڈیا پر منفی مہم چلائی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ ملٹری کورٹس سے متعلق غلط بیانی کر رہے ہیں، اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ آئین اور قانون کے چیمپئن بنے ہوئے ہیں ، یہ دو لوگ قانون اور وفا کا درس دے رہے ہیں، اعتزاز احسن نے وکلا کو جھانسا دیا، فارن فنڈنگ تحریک کو اعتزاز احسن نے کامیاب کیا، افتخار چوہدری کے خلاف اعتزاز احسن نے ہی الزامات لگائے اور پھر وہ قوم کے جذبات سے کھلواڑ کرکے افتخار چوہدری سے الگ ہوئے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اعتزازاحسن اور لطیف کھوسہ کی پہچان پیپلز پارٹی اور ذوالفقار علی بھٹو ہے، بینظیر بھٹو نے اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ کو عزت دی، پیپلز پارٹی نہیں چھوڑتے مگر اس کی پالیسی کے خلاف پوری کمپین کرتے ہیں۔

ان کاکہنا تھا کہ اپنی پارٹی سے غداری کر کے لوگوں کو وفا کا درس دے رہے ہیں ، اعتزازاحسن پہلے پیپلز پارٹی سے لاتعلقی کا اعلان کریں ، جو پیپلزپارٹی کا وفادار نہیں ہوا وہ پی ٹی آئی کا وفادار کیسے ہوسکتا ہے ۔

فیاض الحسن چوہان کامزید کہنا تھا کہ کیا پاکستان میں ملٹری کورٹس پہلی دفعہ بن رہی ہیں، پی ٹی آئی کی حکومت میں 27 سویلین افراد کے مقدمات ملٹری کورٹس میں چلے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں