چین عالمی امن کا حامی اور محافظ ہے، چینی نا ئب صدر

بیجنگ (گلف آن لائن) چین کے نائب صدر ہان ژینگ نے چھنگہوا یونیورسٹی میں 11 ویں ورلڈ پیس فورم کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور خطاب کیا۔ اتوار کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق تقریب میں نیو ڈیولپمنٹ بینک کی صدر اور برازیل کی سابق صدر دلما روسیف سمیت سابق غیر ملکی سیاستدانوں ، چین میں مختلف ممالک کے سفیروں، ماہرین اور اسکالرز سمیت 400 سے زائد افراد نے شرکت کی۔

ہان ژینگ نے کہا کہ بین الاقوامی صورتحال میں گہری تبدیلیوں کے پیش نظر صدر شی جن پھنگ نے گلوبل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو، گلوبل سیکیورٹی انیشی ایٹو اور گلوبل سولائزیشن انیشی ایٹو جیسے کئی بڑے انیشی ایٹو ز پیش کیے ہیں جو انسانیت کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کے تصور کے حقیقی معنیٰ اور عملی راستے کی مسلسل رہنمائی کرتے ہیں، انسانیت کو درپیش مشترکہ مسائل کو حل کرنے میں چینی دانش اور چینی حل فراہم کرتے ہیں اور عالمی امن اور ترقی میں مضبوط مثبت توانائی پیدا کرتے ہیں۔

چین عالمی امن و سلامتی کے مشترکہ تحفظ، عالمی ترقی اور خوشحالی کے حصول ، تہذیبوں کے درمیان تبادلوں اور باہمی سیکھنے کی مشترکہ وکالت کے لیے دوسرے ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے ،تاکہ انسانی ترقی، سلامتی اور تہذیب کی کامیابیوں سے فائدہ اٹھایا جا سکے ۔ اس مقصد کی تکمیل کے لیے ہان ژینگ نے چار تجاویز پیش کیں۔ جن میں آزادی اور باہمی احترام پر اصرار کرنا ، تنازعات کو بات چیت اور مشاورت کے ذریعے حل کرنا ،کثیر الجہتی کو مضبوطی سے برقرار رکھنا اور اس پر عمل کرنا نیز رواداری، باہمی فائدے اور جیت جیت تعاون کو فروغ دینا شامل ہیں ۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ چینی طرز کی جدیدیت پرامن ترقی کا راستہ اپناتی ہے۔ چین عالمی امن کا حامی، معمار اور محافظ ہے اور دنیا کے تمام امن پسند اور ترقی پسند ممالک کے ساتھ مل کر دیرپا امن اور عالمگیر سلامتی کے ایک درست راستے کی جانب چلنے کے لیے تیار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں