احسن اقبال

سی پیک ایک انتہائی اہم منصوبہ ہے جو چین اور پاکستان کے درمیان گہرے تعلقات کی علامت ہے،احسن اقبال

بیجنگ(گلف آن لائن)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک ایک انتہائی اہم منصوبہ ہے جو چین اور پاکستان کے درمیان گہرے تعلقات کی علامت ہے،صدر شی جن پنگ اور اس وقت کے وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کی دور اندیش قیادت میں شروع کیا گیا یہ یادگار منصوبہ خطے کے معاشی منظر نامے کو تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ،اس نے رابطے کو فروغ دیا ہے، تجارت میں اضافہ کیا ہے اور مشترکہ خوشحالی کے لیے نئی راہیں بھی کھولی ہیں۔

وہ منگل کویہاں چین پاکستان اقتصادی راہداری( سی پیک) کی 12ویں (خصوصی) مشترکہ تعاون کمیٹی جے سی سی کا اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات، پروفیسر احسن اقبال اور وائس چیئرمین، نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن (این ڈی آر سی)، چائنا کانگ لیانگ نے کی۔ اجلاس میں پاکستان اور چین کی جانب سے مختلف وزارتوں اور محکموں کے سینئر حکام اور نمائندے بھی موجود تھے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک پاکستان چین اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کی اولین قومی ترجیح ہے اور ان راستوں نے کامیابیوں کو مستحکم کرنے اور مستقبل کے ممکنہ تعاون کو مزید بڑھانے کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ متعدد سنگ میل پہلے ہی حاصل کیے جا چکے ہیں، زراعت، صنعت، ٹیکنالوجی اور کان کنی کے شعبوں میں توسیع اور ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

وفاقی وزیر وزیر احسن اقبال نے جے سی سی کی محنت پر وزیراعظم شہباز شریف کی کاوشوں کو سراہا جبکہ پاکستان میں کام کرنے والی چینی کمپنیوں اور شہریوں کے لیے مستقل پالیسیاں اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔اجلاس میں توانائی، ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر اور گوادر پورٹ پر جوائنٹ ورکنگ گروپس (JWGs) کے کنوینرز نے اپنے مخصوص شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کو اجاگر کرتے ہوئے اجلاس کو آگاہ بھی کیا جبکہ اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں آگاہ کیا اور جے سی سی نے توانائی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے اہم منصوبوں کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا جو پاکستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کے بے شمار مواقع فراہم کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں