آصف زرداری

حضرت امام حسین کا فلسفہ پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے،آصف علی زرداری

کراچی( گلف آن لائن)سابق صدر مملکت اورپاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے یوم عاشور کے موقع پر حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے ساتھیوں کو نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام عالی مقام نواسہ رسول حضرت امام حسین کا فلسفہ پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے ،حضرت بی بی زینب کے یزید کے دربار میں خطاب نے یزید کو شکست سے دوچار کیا۔

بلاول ہاوئس میڈیا سیل سے جاری بیان میں آصف علی زرداری نے کہاکہ مذہب اسلام کو سمجھنے کے لیے نواسہ رسول کی عظیم قربانی سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے نواسہ رسولۖ کی فلاسفی کو مشعل راہ بناکر وقت کے یزیدوں کی مزاحمت کی۔ آصف علی زرداری نے کہاکہ اسلامو فوبیا میں مبتلا مٹھی بھر عناصر دنیا کے امن کیلئے خطرہ بن رہے ہیں،مسلمانوں کی دل آزاری دہشتگردی کے زمرے میں آتی ہے دنیا کے مہذب ممالک کی حکومتیں ایسے عناصر کی سختی سے حوصلہ شکنی کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں جو ہمارے نبی جو رحمت العالمین ہیں کی توہین کرکے اشتعال انگیز مہم جوئی کرکے دنیا کے امن کیلئے خطرہ بن رہے ہیں۔

آصف علی زرداری نے کہاکہ حضرت امام حسین کی فلاسفی ہمارے لئے مشعل راہ ہے ،پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے حسینیت کی راہ پرچلتے ہوئے شہادتوں کی تاریخ رقم کی ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں