احسن اقبال

ہم فلاحی و ترقی کے منصوبوں کی بنیاد پر الیکشن لڑیں گے، احسن اقبال

نارووال (گلف آن لائن)وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ ترقی کے منصوبوں کے معیشت اور سرمایہ کاری پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور روز گار کے مواقع پیدا ہوں گے،ہم فلاحی و ترقی کے منصوبوں کی بنیاد پر الیکشن لڑیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال میں جرنلسٹ اینڈ رائٹرز کلب نارووال کی افتتاحی تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ نارووال میں ملکی ترقی کے منصوبوں کی خاطر ڈھائی ماہ جیل کاٹ کر آیا ہوں ،مجھے امید ہے آئندہ جنرل الیکشن میں نارووال کی عوام عمران خان کے امیدواروں کی ضمانتیں ضبط کراکے اگر پچھلی دفعہ 2018 میں 1لاکھ 60 ہزار ووٹوں سے جیتنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا اس الیکشن میں 2 لاکھ کا ٹارگٹ کراس کریں گے کیونکہ ہم فلاحی و ترقی کے منصوبوں کی بنیاد پر الیکشن لڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جرنلسٹ اینڈ رائٹرز کلب کے صدر عثمان مغل کو مثبت صحافت اور ادب کے فروغ کے لئے بھرپور اور کلیدی کردار ادا کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔

مجھے بڑی خوشی ہے کہ میں آج ان کے آفس کا افتتاح کر رہا ہوں ان کی ٹیم پروفیشنل صحافیوں پر مشتمل ہے جو قومی و مقامی خبروں سے عوام کو باخبر رکھتے ہیں اور بہت نیک جذبات کے ساتھ میدان میں اتری ہے ،امید ہے کہ یہ پاکستان اور نارووال کے شہریوں کو حالات حاضرہ سے با خبر اور آگاہی دینے کے لئے صحتمند صحافت کے اصولوں کے مطابق کردار ادا کریں گے اور ان کی صحافت سے ملک کے اندر نارووال کی عوام کی آواز زیادہ زور دار ہوگی اور نارووال کی ترقی کے منصوبوں کو ہم پاکستان کے سامنے اجاگر کر سکیں گے اور نارووال میں معیشت اور سرمایہ کاری پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور اس کے نتیجے میں روز گار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

احسن اقبال نے آفس کے مختلف شعبوں کا معائنہ بھی کیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں