وزیراعظم

پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں،وزیراعظم

اسلام آباد (گلف آن لائن) وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں،سرمایہ کاری سہولت کونسل پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری منصوبوں کی فوری و بلاتعطل تکمیل یقینی بنائےگی۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے سعودی عرب کے نائب وزیر برائے کان کنی، صنعت و معدنیات خالد بن صالح المدفر کی سعودی وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں وفاقی وزراءانجینئر مخدوم مرتضی محمود، خرم دستگیر، وزیرِ مملکت پیٹرولیم مصدق ملک، معاون خصوصی تسنیم احمد قریشی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی جبکہ سعودی وفد میں سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف بن سعید المالکی، عبداللہ موفتر الشمرانی چیئرمین سعودی جیولاجیکل سروے، عبدالرحمن خالد البیلوشی نائب وزیر برائے کان کنی صنعت اور اعلی سعودی حکام شام تھے۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان میں آمد پر آپکا خیر مقدم کرتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان، سعودی عرب کی ہر مشکل وقت میں مدد پر سعودی حکومت اور عوام کا شکر گزار ہے،پاکستان آپکا دوسرا گھر ہے۔ شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پوری پاکستانی قوم سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان کے مشکل وقت میں مدد پر انکی مشکور ہے۔

شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو نہ صرف نگران حکومت بلکہ آئندہ منتخب حکومت بھی سہولت فراہم کرے گی۔ شہباز شریف نے کہاکہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ سرمایہ کاری سہولت کونسل پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری منصوبوں کی فوری و بلاتعطل تکمیل یقینی بنائےگی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔

شہبازشریف نے کہاکہ حکومت کا 10 ہزار میگاواٹ شمسی بجلی کا منصوبہ بھی بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے بہترین موقع ہے۔ سعودی وزیر نے کہاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری سہولت کونسل کا قیام پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے ایک مثبت اور اہم پیغام ہے۔ سعودی وزیرنے کہاکہ سعودی عرب پاکستان کے شعبہ معدنیات میں موجود وسیع مواقع میں سرمایہ کاری کی گہری دلچسپی رکھتا ہے۔

ملاقات میں خالدبن صالح المدفر نے وزیرِ اعظم کے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے سہولت کے اقدامات اور ایس آئی ایف سی کے قیام پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کا قیام حکومت کے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ایک سنجیدہ اقدام ہے جو پاکستان کی معیشت کی ترقی کا باعث بنے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان انکا دوسرا گھر ہے اور سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں