سندھ اسمبلی

سندھ کے پارلیمانی صحافیوں نے ایوان کے تقدس کا خیال رکھتے ہوئے ہمیشہ مثبت روایات کی بنیادد ڈالی ہے،اسپیکرسندھ اسمبلی

کراچی(گلف آن لائن)اسپیکر سندھ اسمبلی نے آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ سندھ کے پارلیمانی صحافیوں نے ایوان کے تقدس کا خیال رکھتے ہوئے ہمیشہ مثبت روایات کی بنیادد ڈالی ہے، اسی لئے پیپلزپارٹی کے ادوار میں صحافیوں کی تعریفی اسناد کے ذریعے حوصلہ افزائی کی جاتی ہے اور ان کے جائز مسائل پر توجہ بھی دی جاتی ہے، جبکہ صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہاکہ اسمبلی میں حکومتی اور اپوزیشن کے ارکان اٹھا ئے ہوئے نکات اور پیغام عوام تک صحافی پہنچاتے ہیں ۔

سندھ اسمبلی نے صحافیوں کی پروٹیکشن کے بل منظور کرائے ۔پیپلز پارٹی اور جرنلزم چولی دامن کا ساتھ ہے ۔

اپوزیشن لیڈر رعنا انصار نے کہا کہ صحافیوں کے بغیر سندھ اسمبلی کی کارکردگی کا تجزیہ کرنا مشکل ہے ، اصلاح میں میڈیا کا کردار ہے اور ہم صحافیوں سے بہت کچھ سیکھتے ہیں، حکومت صحافیوں کے صحت کارڈ کے معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شام سندھ اسمبلی آڈیٹوریم میں گزشتہ پانچ برسوں میں اسمبلی کی کوریج کرنے والے صحافیوں کو تعریفی اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں صوبائی وزیر گیان چند ، سیکریٹری سندھ اسمبلی جی ایم عمر فاروق ، سینئر صحافی حبیب خان غوری ، محمد منیر الدین ،کامران رضی ، ارکان سندھ اسمبلی اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا کہ ہم نے پانچ سال پہلے بھی اسناد دیں تھیں ۔ مجھے دس سال ہوگئے اسپیکر بنے ہوئے ۔فخر ہوتا ہے کہ ہمارے صحافی اچھا کام کرتے ہیں اور اچھی روایات کے امین ہیں ۔

دیگر صوبوں کی اسمبلیوں میں اس طرح کام نہیں ہوتا۔سب سے زیادہ قانون سازی سندھ اسمبلی نے کی یہ میرے لیئے قابل فخر ہے ۔ہو سکتا ہے کہ اگلی اسمبلی میں اسپیکر میں نا ہوں ، امید ہے کہ آئندہ آنے والا اسپیکر ان مثبت روایات کو جاری رکھے گا۔

انہوں نے سینئر صحافی حبیب خان غوری کے حوالے سے کہا کہ یہ میرے والد کے زمانے سے اس ایوان کی کوریج کرتے رہیں ، ہمیں ان پر فخر ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ تعریفی اسناد کی تقسیم ایک اچھی روایت ہے ۔ گزشتہ 10 سالوں میں آغا سراج درانی کا مثالی کردار رہا ہے ۔ہر ممبر یہ سمجھا ہے کہ یہ میرا اسپیکر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور جرنلزم چولی دامن کا ساتھ ہے ۔صحافیوں کے لیے کسی اور جماعت نے ایسا کام نہیں کیا ہے ۔صرف پیپلز پارٹی نے صحافیوں کے لیے کام کیا ہے ۔ کام کرتے وقت ہم نظریاتی تفریق یا سیاسی تعلق کو بھی نہیں دیکھتے ہیں۔ ہمارے ملک میں صحافیوں نے قربانیوں دی ہیں اور سچی آواز اٹھا نے میں انکا اہم کردار ہے ۔

اپوزیشن لیڈر رعنا انصار نے کہا کہ آج ہم سب کے جمع ہونے کا مقصد صحافیوں کی حوصلہ افزائی ہے۔صحافیوں کے بغیر سندھ اسمبلی کی کارکردگی کو جانچنا بہت مشکل ہے۔ہم صحافیوں سے بہت کچھ سیکھتے ہیں ۔آپ بہت مسائل کی نشاندہی کرتے ہیں ہم ان مسائل پر آواز بلند کرتے ہیں ۔جمہوریت کے حسن میں صحافت کی شمولیت ہے ،صحافیوں کے بغیر ہم ایوان میں ادھورے ہیں ،حکومت صحافیوں کے صحت کارڈ کا معاملہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرے ،تمام صحافیوں کو مبارک باد پیش کرتی ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں