عارف علوی

اسلامی تعلیمات ہمیں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور برابری کا درس دیتی ہیں، صدر مملکت

اسلام آباد (گلف آن لائن ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اسلامی تعلیمات ہمیں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور تمام لوگوں کے درمیان برابری کا درس دیتی ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اقلیتوں کے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہر سال 11 گست کا دن پاکستان میں اقلیتوں کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے، آج کے اس پرمسرت دن کے موقع پر میں قوم کی تعمیر کے عمل میں اقلیتوں کے اہم کردار کو اجاگر کرنا چاہتا ہوں ، ہم ملکی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کا اعتراف کرتے ہیں اور انہیں اس پر سراہتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو آئین ِپاکستان میں ضمانت کردہ تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں، آئین تمام شہریوں کو ان کے مذہبی عقائد یا نسل سے قطع نظر سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت ِمسلمان ہم اسلام کی ان تعلیمات سے متاثر ہیں جو ہمیں ایک متنوع معاشرے میں ہم آہنگی اور اتحاد کے جذبے کے فروغ کیلئے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور تمام لوگوں کے درمیان برابری کا درس دیتی ہیں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان نے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے مسلسل کوششیں کی ہیں، جن میں سرکاری ملازمتوں میں 5 فیصد کوٹہ اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ان کیلئے الگ نشستیں مختص کرنا شامل ہیں، اس کا مقصد ملک کی سیاسی اور اقتصادی ترقی میں ان کی فعال شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور طلباکو ان کی تعلیمی سرگرمیوں میں مدد اور ان کی عبادت گاہوں کے تحفظ کیلئے گرانٹس، مالی امداد اور سکالرشپ فراہم کرنے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، یہ اقدامات پاکستان میں ایک جامع اور نمائندہ معاشرے کے فروغ کی جانب ہمارے عزم کا ثبوت ہیں۔

ان کاکہنا تھا کہ میں اپنی اقلیتوں کے مذہبی، سماجی، سیاسی اور معاشی حقوق کے تحفظ کیلئے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہوں، ہم تمام اقلیتی گروہوں کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان ان کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح کیلئے کام کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہم اپنی اجتماعی کوششوں کے ذریعے ایک مضبوط اور زیادہ خوشحال پاکستان بنا لیں گے جہاں ہر فرد کو ترقی کی منازل طے کرنے اور اپنی منفرد صلاحیتوں کو ملکی ترقی کیلئے استعمال کرنے کا موقع میسر ہوگا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آج اس دن کو مناتے ہوئے مجھے پورا یقین ہے کہ ہماری اقلیتیں قومی ترقی کے عمل میں اپنا اہم کردار ادا کرتی رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر میں پاکستان کے تمام اقلیتی گروہوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں، مجھے یقین ہے کہ وہ ہمارے پیارے ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اپنا حصہ ڈالتے رہیں گے۔

صدر مملکت نے مذہبی سکالرز اور میڈیا سے اپیل کی کہ وہ معاشرے کو اقلیتوں کے حقوق کے بارے میں آگاہ کریں اور ملک میں محبت، رواداری، بھائی چارے اور اتحاد کے کلچر کو فروغ دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں