چوہدری سرور

نگران وزیراعظم کیلئے ہم نے کوئی نام دیا اور نہ ہماری پارٹی سے کسی نے مشاورت کی ‘ چوہدری سرور

لاہور(گلف آن لائن) پاکستان مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم کے لئے ہم نے کوئی نام دیا اور نہ ہماری پارٹی سے کسی نے مشاورت کی ہے ،

انتخابات کب ہوں گے کچھ کہہ نہیں سکتے ہیں،پچھلی تمام حکومتوں نے عوام کو ریلیف نہیں دیا ۔ منہاج یونیورسٹی میں شجر کاری مہم کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمد سرور نے کہا کہ سول سوسائٹی حکومت کے ساتھ شجر کاری میں تعاون کر رہی ہے،ہمارا ملک سب سے زیادہ کلائمیٹ چینج سے متاثر ہوا ہے،گلوبل وارمنگ میںہمارا بہت کم حصہ ہے لیکن ہم سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل ہیں،

ترقی یافتہ ممالک کی کاربن کی پروڈکشن کی وجہ سے گلوبل وارمنگ میں اضافہ ہو رہا ہے،ترقی یافتہ ممالک کی وجہ سے ترقی پزیر ممالک متاثر ہو رہے ہیں،پاکستان بھی اسی وجہ سے پچھلے سال سیلاب سے متاثر ہوا،سال آسے پاکستان میں تین کروڑ پچاس لاکھ افراد متاثر ہوئے،ترقی یافتہ ممالک کو چاہیے کہ وہ ترقی پذیر ممالک کے لئے امداد مختص کرے تاکہ وہ موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان 5 ارب روپے کا پام آئل درآمد کرتا ہے ،پاکستان زرعی ملک ہونے کے باوجود اپنی زرعی پیداوار میں اضافہ نہیں کر پا رہا ،شجر کاری سے نہ صرف موسمیاتی تبدیلیوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ پھل بھی ملے گا،شجرکاری سے فوڈ باسکٹ کو بہتر کیا جا سکتا ہے،پاکستان میں اگر میرٹ لے کر آئیں گے گے تو پاکستان ترقی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ میرے لئے باعث فخر ہے کہ میں نے تمام یونیورسٹیوں میں وائس چانسلر میرٹ پر لگائے،میں نے یونیورسٹیوں میں قرآن کی تعلیم ضروری قرار دے کر باقاعدہ آغاز کیا۔ انہوں نے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات کب ہوں گے کچھ کہہ نہیں سکتے ہیں،پاکستاں میں غیر یقینی صورتحال ہے، نگران وزیراعظم کے لئے ہماری پارٹی سے کسی نے مشاورت کی نہ ہم نے کوئی نام دیا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ پچھلی تمام حکومتوں نے عوام کو ریلیف نہیں دیا ،جس ملک میں شرح سود 22فیصد ہو گی تو کاروباری افراد کیسے گزارا کریں گے۔میں نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف کے تین ارب ڈالر کی بجائے اوورسیز کمیونٹی پر توجہ دی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں