حیدر سلطان

آج بھی لوگ پنجابی زبان کی فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں لیکن ان کا قحط ہے ‘ حیدر سلطان

لاہور(گلف آن لائن)نامور اداکار حیدر سلطان نے کہا ہے کہ پنجاب کی ثقافت کو نظر انداز کرنے کی بجائے اسے فروغ دینے کی ضرورت ہے ، یہاں آنے والی حکومتیں ہر شعبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر کی خواہشمند نظر آتی ہیں لیکن بد قسمتی سے فلم انڈسٹری کو کبھی بھی اس طرح کی پیشکش نہیں کی گئی جس پر غور کرنے کی ضرورت ہے ، اردو کے ساتھ پنجابی فلمیں بنانے پر بھی توجہ دینی چاہیے اور اس کے بغیر فلم انڈسٹری کبھی ترقی نہیں کر سکتی۔

ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ آج بھی لوگ پنجابی زبان کی فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں لیکن ان کا قحط ہے ۔ پنجاب کی ثقافت کی تصویر کشی کر کے ایسی شاہکار فلمیں تخلیق کی جا سکتی ہیں جس کا ہمسایہ ملک سمیت دنیا میں کہیں مقابلہ نہیں کیا جا سکے گا ۔ اگر ہم ثقافت اور حدود و قیود میں رہ کر کام کریں گے توایسے پراجیکٹس کو ضرور پذیرائی ملے گی ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت فلم انڈسٹری کی سرپرستی کرے اور خصوصاً پنجابی فلمیں جن کا دور آہستہ آہستہ ختم ہو رہا ہے اس کیلئے جوائنٹ ونچر کیا جائے جس سے نہ صرف ہزاروں ہنر مندوں کو دوبارہ روزگار کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ عوام کو سستی تفریح کے ساتھ مجموعی قومی آمدن میں بھی اضافہ ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں