پاکستان کی کہانی مزاحمت اور جہد مسلسل کی رہی ہے، بحران کتنے ہی شدید کیوں نہ ہوں، پاکستان اْن میں سے ہمیشہ سرخرو ہوکر نکلا ہے ،وزیر اعظم

اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی کہانی مزاحمت اور جہد مسلسل کی رہی ہے، بحران کتنے ہی شدید کیوں نہ ہوں، پاکستان اْن میں سے ہمیشہ سرخرو ہوکر نکلا ہے۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پیر کویوم آزادی کے موقع پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ اپنے قیام کے دِن ہی سے پاکستان کی کہانی مزاحمت اور جہد مسلسل کی رہی ہے، تحریک پاکستان کے دوران مشکلات اور مصائب کے پہاڑ عبور کرنے کے بعد گزشتہ 76 سال کے دوران ہم پے درپے مشکلات اور چیلنجز کا سامنا کرتے آرہے ہیں، بحران کتنے ہی شدید کیوں نہ ہوں، پاکستان اْن میں سے ہمیشہ سرخرو ہوکر نکلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھہترویں یوم آزادی پر قوم کی آواز میں آواز ملاتے ہوئے میں بابائے قوم حضرت قائداعظم ، لاکھوں شہیدوں اور آزادی کے ہیروز کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنا آپ پاکستان پر قربان کرکے خلوص، ایثار اور محبت کی لازوال مثال قائم کی۔

قائد اعظم کی مدبرانہ قیادت نے قیام پاکستان میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے سات دہائیوں میں ہم نے کئی مشکلات پر قابوپاکر سنگ ہائے میل عبور کئے ہیں لیکن ابھی کامرانی کی وہ منزل نہیں آئی جس کا پوری قوم کو شدت سے انتظار ہے۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ یک جہتی کے مظہر آج کے دِن کی طرح یہ جذبہ اور اتحاد ہمیں مادروطن کی تعمیر، ترقی اور معاشی خودانحصاری کاعظیم مقصد حاصل کرنے کے لئے بروئے کار لانا ہے جس کے ذریعے قوم ہر مشکل کو شکست دے سکتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ تعمیر پاکستان کے لئے ہمیں قائد اعظم کے”کام، کام اور صرف کام” کے سنہری راہنما اصول کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنانا ہے۔و قت آگیا ہے کہ ہم گفتارکے بجائے عمل کی قوت بروئے کار لائیں، یہی ہماری کامیابی کا واحد راستہ ہے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ آئیں! تکمیل پاکستان کی کہانی لکھنے والوں میں ہم بھی شامل ہوجائیں ،مجھے کوئی شک نہیں کہ نئی بلندیوں سے ہم کنار ہونا ہی پاکستان کا مقدرہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں