خود پر یقین رکھیں، ٹیم کو کپتان بابراعظم کا پیغام

ہمبنٹوٹا(گلف آن لائن) قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے افغانستان کے خلاف سیریز کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہاہے کہ خود پر یقین رکھیں۔

کپتان بابراعظم نے پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ہم تمام کھلاڑی ایک یونٹ کی حیثیت سے ایک دوسرے کے ساتھ بہت انجوائے کررہے ہیں۔ ٹیم میں چند نئے چہرے ہیں جن کے لیے نیک تمنائیں ہیں کہ وہ چیلنجز میں پورا اتریں گے۔

بیشتر لڑکے مختلف لیگس کھیلتے آئے ہیں لیکن جب آپ پاکستان کا اسٹار پہنتے ہیں تو مختلف جذبات ہوتے ہیں۔ میں بحیثیت کپتان آنے والی کرکٹ کے لیے بہت پرجوش ہوں اور سری لنکا کے خلاف سیریز کی جیت سے ہمارا مومینٹم بنا ہوا ہے۔

پاکستان کا حالیہ ون ڈے ریکارڈ دیگر تمام ٹیموں سے اچھا رہا ہے 2022 کے آغاز سے اب تک اس نے سترہ میں سے تیرہ ون ڈے انٹرنیشنل جیتے ہیں۔ اس سال مئی میں اس نے آئی سی سی کی عالمی ون ڈے رینکنگ میں پہلی مرتبہ پہلی پوزیشن حاصل کی۔

اگر اس نے افغانستان کے خلاف تینوں ون ڈے جیت لیے تو وہ دوبارہ عالمی ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر آجائے گی۔بابراعظم نے کہا کہ ہماری توجہ ہماری تیاریوں پر ہے کیونکہ ہمیں آنے والے دنوں میں دو بڑے ایونٹس ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کھیلنے ہیں۔

بابراعظم کی کپتانی میں پاکستانی ٹیم چبھیس میں سے سترہ ون ڈے جیت چکی ہے۔انہوںنے کہاکہ فی الحال وہ افغانستان کے خلاف سیریز پر فوکس کیے ہوئے ہیں۔

بڑے ایونٹس سے قبل اس طرح کی سیریز سے فائدہ ہوتا ہےچونکہ ہم ایشین کنڈیشنز میں کھیل رہے ہیں لہذا ہمیں ردھم حاصل کرنے میں مدد ملے گی اور ہمیں برتری حاصل رہے گی۔

بابر اعظم نے کہاکہ افغانستان کی ٹیم میں چند اچھے کھلاڑی ہیں اور شائقین کو اس سیریز میں اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔بابراعظم نے کہا کہ اسکواڈ میں چند اچھے کھلاڑیوں کا اضافہ ہوا ہے۔ فہیم اشرف ان آوٹ ہوتے رہے ہیں لیکن انہوں نے حالیہ دنوں میں اچھا پرفارم کیا ہے یقیناً آل راونڈر کی حیثیت سے ان کی موجودگی سے ٹیم کو استحکام ملے گا۔

بابر اعظم نے کہا کہ طیب طاہر نے ایمرجنگ ایشیا کپ اور سعود شکیل نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھائی ہے میں اس بات سے بہت متاثر ہوا ہوں کہ سعود شکیل نے خود کو بہت تیزی سے جدید دور کی کرکٹ میں ڈھالا ہے۔

یہ پاکستان کرکٹ کے لیے خوش آئند بات ہے۔اگرچہ افغانستان نے ون ڈے فارمیٹ میں پاکستان کو کبھی بھی نہیں ہرایا ہے تاہم اس نے اس سیریز سے قبل بنگلہ دیش کو دو ایک سے شکست دی ہے۔

بابراعظم نے کہا کہ ان کے کھلاڑی اس سیریز کو میچ وننگ پرفارمنس دکھانے کے لیے ایک چیلنج سمجھ رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہر کھلاڑی میچ وننگ پرفارمنس دکھانے کےلئے بے تاب ہے،اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ حالیہ دنوں میں مختلف کھلاڑی مین آف دی میچ ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہے ہیں۔

اگر آپ بڑے ٹورنامنٹس میں پرفارمنس دیتے ہیں تو اس سے نہ صرف ٹیم اور انفرادی کھلاڑی کا مورال بلند ہوتا ہے۔بابراعظم نے کہا کہ افتخار احمد اور سلمان علی آغا کی موجودگی سے مڈل آرڈر بیٹنگ کو حوصلہ ملا ہے۔ہماری ٹاپ آرڈر بیٹنگ پہلے ہی سیٹ ہے۔

ہماری اسپن بولنگ مضبوط ہوئی ہے۔ہمارے پاس شاہین شاہ آفریدی ، نسیم شاہ اور حارث روف کی شکل میں بہترین پیس اٹیک موجود ہے۔ بولرز بڑے ٹورنامنٹس جتواتے ہیں اور مجھے ان پر بھروسہ ہے کہ وہ ہمیں بڑے ٹورنامنٹس جتوائیں گے۔

بابراعظم نے کہاکہ میرا تمام کھلاڑیوں کو ہمیشہ یہی پیغام رہا ہے کہ خود پر یقین رکھیں اور میدان میں سوفیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں