it

آئی ٹی انڈسٹری کی ایکسپورٹ میں سالانہ بنیادوں پر کمی ریکارڈ

اسلام آباد (گلف آن لائن)آئی ٹی انڈسٹری کی ایکسپورٹ میں سالانہ بنیادوں پر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے مالی سال 2022-23کے دوران مختلف ممالک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی خدمات فراہم کرکے 2,605.340ملین ڈالر آمدن حاصل کی جبکہ مالی سال 2021-22میں خدمات فراہمی سے 2,619.100ملین امریکی ڈالرکمائے گئے جو0.53فیصدکمی کو ظاہر کرتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جولائی تا جون2022-23ءمیں کمپیوٹر سروسز کی برآمدات میں 0.08فیصد اضافہ ہوا،گزشتہ مالی سال کے 2,109.370ملین امریکی ڈالر سے بڑھ کریہ 2,110.990ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔کمپیوٹر سروسز،سافٹ ویئر کنسلٹنسی سروسز کی برآمدات میں 4.36فیصد کی کمی دیکھی گئی جو 795.464ملین ڈالر سے 760.780ملین ڈالر تک گر گئی جبکہ ہارڈویئر کنسلٹنسی سروسز کی برآمدات 87.97فیصد اضافے کے ساتھ، 2.918ملین ڈالر سے بڑھ کر 5.485ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔

کمپیوٹر سافٹ ویئر سے متعلق خدمات کی برآمدات و درآمدات میں بھی 5.58فیصد اضافہ ہوا، جو 566.393ملین ڈالر سے بڑھ کر 598.020 ملین ڈالر تک پہنچ گیا،مرمت و دیکھ بھال کی برآمدات 1.446ملین ڈالر سے بڑھ کر 2.855ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔انفارمیشن سروسز میں خبر رساں ایجنسی کی خدمات کی برآمدات میں 3.94فیصد اضافہ ہوا جو کہ 3.448ملین ڈالر سے بڑھ کر 3.584 ملین ڈالر تک پہنچ گئی جبکہ دیگر معلوماتی خدمات کی برآمدات بھی 8.64فیصد بڑھ کر 1.782ملین ڈالر سے 1.936ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔

ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کی برآمدات میں 3.11فیصد کی کمی واقع ہوئی،ٹیلی کمیونیکیشن سروسز میں سے اس عرصے میںکال سینٹر سروسز کی برآمدات میں 6.32فیصد کا اضافہ ہوا جو215.557ملین ڈالر سے بڑھ کر 229.170ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہیں جبکہ دیگر ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کی برآمدات 10.13فیصد کم ہو کر 288.943ملین ڈالر سے بڑھ کر 259.660ملین ڈالر ہو گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں